لاہور(نیوز رپورٹر) ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی، چیئرمین منہاج ایجوکیشن سوسائٹی پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے کہا ہے کہ دین اسلام نے حصول علم کو بہترین عمل قرار دیا ہے۔قرآن کریم نے پڑھنے اور علم حاصل کرنے سے اپنے کلام کا آغاز کیا ہے۔ علم انسان کو سعادت اور کامیابیوں کا راستہ بتاتا ہے۔ دین اسلام نے علم کے حصول کو تمام مسلمانوں پر فرض قرار دیا ہے۔ محسن انسانیت حضور نبی اکرم ؐ کا فرمان ہے کہ’’ جو حصول علم کیلئے کہیں کا سفر کرے اللہ تعالیٰ اس کیلئے جنت کا راستہ آسان فرمائے گا‘‘۔ غار حرا میں حضور نبی اکرم ؐ پر سب سے پہلے جو 5 آیتیں نازل ہوئیں۔ وہ حصول علم کے ذرائع پر ہی مشتمل ہیں۔ حصول علم ،صبر و تحمل اور ایثار و قربانی چاہتا ہے۔علم حاصل کرنے والوں میں محنت و مشق کے برداشت کرنے کا جذبہ اور اس راہ میں آنے والے مصائب پر صبر کرنے کا حوصلہ ہونا چاہئے۔تعلیم کا بنیادی مقصد اخلاق و کردار کی تعمیر ہے۔علم اور عمل دونوں لازم و ملزوم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منہاج ایجوکیشن سوسائٹی کے زیر اہتمام بانی و سرپرست تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی72ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
دین اسلام نے حصول علم کو بہترین عمل قرار دیا ہے:ڈاکٹرحسین محی الدین
Feb 26, 2023