کاشتکاروں کوبہاریہ مکئی کی وٹوں پر کاشت کی صورت میں شرح بیج کی سفارش


فیصل آباد (یو این پی)جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کو بہاریہ مکئی کی وٹوں پر کاشت کی صورت میں شرح بیج 8سے10کلوگرام جبکہ ڈرل سے کاشت کی صورت میں 12 سے 15کلوگرام فی ایکڑ رکھنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بہاریہ مکئی کی منظور شدہ اقسام کی کاشت پنجاب کے تمام میدانی علاقوں میں 28 فروری تک، دیگر علاقوں میں 15مارچ تک اور راولپنڈی ڈویژن میں پہاڑی علاقوں کے علاوہ 20مارچ تک مکمل کر لی جائے تاکہ مکئی کی بمپر کراپ کا حصول ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی بھرپور پیداوار حاصل کرنے کیلئے مکئی کی منظور شدہ ہائبرڈ اقسام ایف ایچ 810، یوسف والا ہائبرڈ اور دوسری ہائبرڈ اقسام کی کاشت 15مارچ تک مکمل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ مکئی کی منظور شدہ عام اقسام ساہیوال 2002، اگیتی 2002، ایم ایم آر آئی ییلو وغیرہ کی کاشت پنجاب کے تمام میدانی علاقوں میں 28فروری تک مکمل کرکے بہترین پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی کاشت کاٹن ڈرل، پلانٹر، پور یا کیرا سے بھی کرسکتے ہیں جس کیلئے قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا سے اڑھائی فٹ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی ہائبرڈ اقسام کو شمالاً جنوباً بنائی گئی وٹوں کی ڈھلوان پر پانی لگانے کے بعد 6سے8انچ کے فاصلہ پرکاشت کریں۔

ای پیپر دی نیشن