لاہور( این این آئی)پاکستان میںگزشتہ سال آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد مختلف چینی کمپنیوں کی جانب سے بحالی کے عمل میں امداد کی فراہمی سلسلہ تاحال جاری ہے ۔چین کی جوتے بنانے والی ایک نامور کمپنی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے 38ملین روپے مالیت کے جوتے بھجوائے ہیں ۔پاکستان میں گزشتہ سال مون سون کے موسم میں شدید بارشوں،تباہ کن سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے لاکھوں لوگ متاثر ہوئے۔رپورٹ کے مطابق بدترین سیلاب کے مہینوں بعد بھی تقریباً 40 لاکھ بچے اب بھی سیلاب کے جمع آلودہ پانی کے قریب رہ رہے تھے جس سے ان کی صحت کوسنگین خطرات لا حق ہیں۔جنوری میں ’’چینی جوتے پہنیں، نئے گھر کی تعمیر کریں‘‘کے نام سے ایک مہم کا آغاز کیاگیا ۔ چین کی معروف برانڈ کمپنیوں میں سے ایک لی ننگ گروپ نے پاکستان میں متاثرہ افراد کی دیکھ بھال کے لیے یہ جوتے بھجوائے ہیں۔چمڑے کی صنعت کی ایسوسی ایشن کے نائب صدر چن ژانگوانگ نے بتایا کہ یہ اقدام ایک اچھی شروعات تھی ہمیں امید ہے کہ مزید جوتے بنانے والی کمپنیاںپاکستان میں متاثرہ لوگوں کے لیے عطیہ دینے میں حصہ لیں گے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گی۔گروپ کے بانی لی ننگ نے کہا کہ پاکستان چین کا دوست ہمسایہ ملک ہے اور دونوں ممالک کی ایک دوسرے کی مدد کرنے کی روایت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام جلد از جلد اپنے گھر کو دوبارہ تعمیر کریں۔
چینی کمپنی کاسیلاب متاثرین کیلئے 38ملین روپے مالیت کے جوتوں کا عطیہ
Feb 26, 2023