لاہور(کلچرل رپورٹر)عالمی شہرہ آفاق ادبی وثقافتی ادارہ لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں دسواں سہ روزہ لاہور لٹریری فیسٹیول جاری ہے۔فیسٹیول کے دوسرے روز 35سے زائد سیشن ہوئے۔آخری عظیم مغل شاعر غالب پر اہم نشست کا انعقاد کیاگیاجس میں حجاز نقوی،انجم الطاف،فیصل صدیق نے اظہار خیال کیا۔ نامور لکھاری شہباز تاثیر کی کتاب کی تقریب رونمائی ہوئی۔ پاکستانی مصنفین کے سفرنامہ،نامور رائٹر حاجرہ مسرور کے تراجم،ایک نشست ’’نیند کی مسافتیں‘‘ بھی منعقد ہوئی۔ فیسٹیول کے تیسرے اور آخری روز بھی 30سے زائد نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ لاہور لٹریری فیسٹیول کے حوالے سے چیئرمین الحمراء قاسم علی شاہ نے کہا کہ ایل ایل ایف میں شریک ہونے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، لاہو رکی سیاسی شدت پسندی والی فضا ء میں لاہور لٹریری فیسٹیول ایک نعمت سے کم نہ ہے،سوچنا، سمجھنا اور خواب دیکھنا ان تینوں چیزوں کو ایل ایل ایف ممکن بنائے گا۔لکھنے،پڑھنے اور بولنے والوں کیلئے عید کا سماء ہے۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے کہا کہ الحمراء کی ادب دوست فضاء کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے ہیں۔
آرٹس کونسل الحمراء میں دسواں سہ روزہ لاہور لٹریری فیسٹیول جاری
Feb 26, 2023