پنجاب میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام: ٹی ٹی پی 7مبینہ دہشتگرد گرفتار

Feb 26, 2023


لاہور (نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)  پنجاب نے لاہور سمیت مختلف اضلاع میں کارروائی کر کے کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے7مبینہ دہشت گردوں کوگرفتار کر لیا ہے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے ملک بھر میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد آئی جی پنجاب کی ہدایات پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے خفیہ اطلاعات پر صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 57 آپریشنزکیے۔ مبینہ دہشت گردوں کے قبضہ سے اسلحہ و دیگر ممنوعہ مواد برآمد کر لیا گیا۔گرفتار دہشت گردوں میں تحریک طالبان پاکستان کے ارکان احمد اللہ‘ اسامہ‘ محمد فیضان احمد بٹ‘ نذیر رحمان‘حماد خان‘ عبدالرحمن اور امان اللہ شامل ہیں۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2  آئی ای ڈی بم، دھماکہ خیز 3710 گرام، حفاظتی فیوز 23.3 فٹ، پرائما کارڈ 4.5 فٹ، 13ڈیٹونیٹرز،3 بیٹریاں، ایک الیکٹرک سوئچ‘ کالعدم تنظیم کے 73 پمفلٹ، 54 سٹکرز، 6 رسالے‘ 2بکس، ایک رسید بک، 2 موبائل فون اور 15960روپے نقدبرآمد کر لیے گئے ہیں۔ گرفتار دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات، دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔  مبینہ دہشت گردوں کے خلاف راولپنڈی، بہاولپور، ڈی جی خان‘ لاہور اور گوجرانوالہ میں  7مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

مزیدخبریں