لاہور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہماری اسٹیبلشمنٹ نے معاملات سلجھانے میں تاخیر کی۔ لاہور لٹریری فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں سیاسی افراد نے ہی ڈلیور کیا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان سیاسی عمل کا ہی حصہ ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے ہم سب مل کر ملکی حالات سنواریں، ہم سب کو چاہیے سیاسی عمل کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر اختیارات کا استعمال نہیں کیا جا رہا، سب وفاق کی طرف دیکھتے ہیں۔ ہماری سیاست میں بیرونی عوامل کا عمل دخل ہے۔ پارلیمنٹ میں بیرونی مداخلت کے اثرات پائے جاتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں زیادہ تر نمائندے پیسہ لگا کر آتے ہیں۔ ملک میں 75 برس میں ہزاروں جنرلز‘ ججز اور بیورو کریٹس بنے صرف چار سیاستدان ذوالفقار بھٹو‘ نواز شریف‘ بے نظیر بھٹو اور عمران خان ہے۔ عوامی جذبات کی ترجمانی صرف نواز شریف اور عمران خان کرتے ہیں۔ بدعنوان لوگ اسٹیبلشمنٹ کیلئے زیادہ قابل قبول ہیں۔