حیدرآباد(بیورو رپورٹ)تحریک لبیک لائرز فورم حیدرآباد کے زیر اہتمام حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ظالمانہ اضافے اور بد ترین مہنگائی کے خلاف ہفتہ کے روز سول بار حیدرآباد میں لائرز ڈیبیٹ کے عنوان سے تقریب رکھی گئی ،ٹی ایل پی لائرز فورم کے صوبائی رہنما سلیمان سروری ایڈوکیٹ کے علاوہ مختلف سینئر وکلا رہنمائوں نے اظہار خیال کیا اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سلیمان سروری نے کہا کہ حکومتی عیاشیوں کا خمیازہ پاکستان کے 98 فیصد غریب و متوسط طبقے کو بھگتنا پڑ رہا ہے، ملک میں جاری معاشی بحران میں حکومت و روایتی سیاسی جماعتوں کے رہنما بے حس نظر آتے ہیں ،عوام تڑپ رہی ہے، ٹی ایل پی کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے اس موقع پر عوام کے لیئے میدان عمل میں اترنے کا فیصلہ کیا ،سینئر قانون دان زاہد چوہان ایڈوکیٹ نے کہا کہ اب پانی سر سے گذر چکا ہے اب وقت ہے کہ سب کو مل کر سوچنا ہوگا،اس معاشی بحران کا حل نکالنا ہوگا ، تمام مصلحتیں بالائے طاق رکھ کر عوامی ریلیف کے ایک نقطے پر متفق ہونا پڑے گا۔ سینئر وکیل عبد القدیر ناغڑ نے کہا کہ تحریک لبیک نے عوام کی فلاح کے لیئے جو قدم اٹھایا وہ قابل تعریف ہے ہر جماعت کو اب آگے آنا پڑے گا ،عوام کو ریلیف دلوانے میں اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اسلم سروری ایڈوکیٹ نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان نے اس نازک وقت میں جب کوئی عوام کے لیئے کھڑا ہونے کو تیار نہیں ہے انہوں نے نکلنے کا فیصلہ کیا،27تاریخ کو دی گئی شٹر ڈائون ہڑتال کی کال اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے عبدالرحمان ایڈوکیٹ۔ سہیل بروہی ایڈوکیٹ، حاذق شیخ ایڈووکیٹ و دیگر نے حکومت کے عیاشی کلچر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج عوام کے لئے سوچنے والوں کی کمی ہے عوام مہنگائی سے بلبلا رہی ہے،حکمراں اپنی مراعات کم کرنے کو عملی طور ہر تیار نہیں مراعتوں کی کمی کے اعلانات صرف اعلانات ہی نظر آتے ہیں ۔ تقریب کے آخر میں شرکاء نے متفقہ قرارداد پاس کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے وزراء مشیروں و بیوروکیٹس کو دی جانے والی بلاجواز شہانہ مراعات کو فوری واپس لیں اور پیٹرولیم مصنوعات میں کیا جانے والا ظالمانہ اضافہ فوری واپس لے۔
حکومتی عیاشیوں کا خمیازہ غریب طبقہ بھگت رہا ہے ،سلیمان سروری
Feb 26, 2023