حیدرآباد(بیورو رپورٹ) لطیف آباد کے علاقہ حالی روڈ کے کوٹھ لالو ماچھی کی رہائشی مسماۃ روبینہ راجپوت نے اپنے اہلخانی کے ہمراہ حالی روڈ پولیس کے مظالم کیخلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔اس موقع پر انہوںنے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ حالی روڈ تھانہ کے ایس ایچ او نثار شاہ نے گزشتہ 19فروری کی رات پولیس موبائل گاڑیوں میں سوار اہلکاروں کے ساتھ میرے گھر پر چڑھائی کر کے بچوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گھر میں موجود 8موبائل فون ،ہزاروں روپے نقدی اور 24بکریاں موبائل گاڑیوں میں ڈالنے کے بعد میرے چھوٹے بھائی شاہد کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ لے گئے جس کا اب تک کچھ پتہ نہیں ہے کہ وہ کہاں و کس حال میں ہے۔حالی روڈ پولیس نے میرے گھر پر بلاجواز چڑھائی کرکے چادر وچار دیواری کا تقدس پامال کیا ہے۔ ہماری آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی و ایس ایس پی حیدرآباد سے اپیل ہے کہ ایس ایچ او حالی روڈ نثار شاہ سمیت دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف قانونی کاروائی کرکے میرے چھوٹے بھائی شاہد کوبازیاب کرا کر گھر سے لوٹا گیا تمام سامان واپس دلوایا جائے۔