گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تاجر برادری کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے ، میاں نوازشریف کے اقدامات کی بدولت تاجر برادری مسلم لیگ ن کیساتھ محبت کرتی ہے۔عمرانی ٹولہ کی نااہلی و غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ و برباد ہوگئی۔ حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت کی بحالی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔ ساڑھے تین سالہ تجربہ عمرانی نے ملکی معیشت اور ترقی کو کئی دہائیاں پیچھے دھکیل دیا۔حکومتی پالیسیوں کے ثمرات بہت جلد عوام اور تاجروں تک پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روزسرامکس اینڈ سینٹری مارکیٹ کنگنی والا کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف وفاداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز گیپکو محمد شعیب بٹ، نومنتخب صدر رانا محمد رضوان، جنرل سیکرٹری شفیق الرحمن کمبوہ، سینئر نائب صدر میاں وقاص مقبول، نائب صدر وحید احمد چوہان، طاہر رفیق ، رانا نعیم خان ،عرفان اسلم کمبوہ ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر برائے توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے سرامکس اینڈ سینٹری مارکیٹ کنگنی والا کے نومنتخب عہدیداروں سے انکے عہدوں کا حلف بھی لیا۔