کراچی(اسٹاف رپورٹر )جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ حکومتی اتحاد تمام اداروں کی تباہی کے بعد عوام کی امیدوں کے آخری مرکز عدلیہ پر بھی حملہ آور ہوچکی ہے، عدلیہ کی صفوں میں انتشار پھیلاکر اپنے مقدمات اور چوری پر پردہ ڈالنے کی ریت پرانی ہے ن لیگ کا پرانہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ اپنے مقدمات میں رلیف حاصل کرنے کیلئے عدلیہ سمیت دیگر اداروں پر کیچڑ اچھالتے رہے ہیں ،ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن کرنے اور عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کرنے کے بعد حکمران اتحاد کے پاس انتخابات میں جانے کیلئے اب کوئی نعرہ نہیں اسلئے اب عدلیہ پر حملہ آور ہوکر اپنے کرتوت چھپانے اور عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے تحت امیدواران کے دوروزہ تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بائیس کروڑ عوام، ایٹمی پروگرام، قیمتی معدنی ذخائر، زرعی اجناس میں خودکفالت، بیپناہ آبی وسائل، اور سب سے بڑھ کر 65 فیصد آبادی پر مشتمل نوجوان، پاکستان کی مستحکم معیشت کی بنیاد ہیں، لیکن ان مواقع کے باوجود پاکستان معاشی عدم استحکام کا شکار ہے۔اس کا ذمہ دار گرگٹ کی طرح رنگ بدل کر پچھلی سات دہائیوں سے حکمرانی کرنے والا طبقہ ہے، جو پاکستان کو کنگال بنانے میں ایک دوسرے سے بڑھ کر ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا نے 22 کروڑ عوام کو یرغمال بنایا ہے۔ ان کے خاتمے میں پاکستان کی ترقی کا راز ہے۔ پاکستان کا سیاسی، معاشی اور اخلاقی بحران ختم ہوسکتا ہے لیکن اسلام کے آفاقی نظام کو نافذ کرنے سے ورنہ یہ ملک صومالیہ بن جائے گا۔آج ملک میں انسانیت مہنگائی، بیروزگاری، بھوک بدحالی اور کرپٹ اشرافیہ کے مظالم سے بلبلااٹھی ہے ،ظالم حکمران اپنی عیاشیوں کیلئے بیرون ملک سے قرضہ لیکر عوام پر روز بروز نئے ٹیکس عائد اور اشیائے خورونوش، پیٹرول، بجلی،گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ تربیت گاہ سے جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مولانا عبدالوحید، ڈپٹی جنرل سیکریٹری آفتاب احمد ملک ، یوسی گلبرگ کے نومنتخب چیئرمین فیصل شیخ اورمولانا ثناء اللہ رحمانی نے بھی خطاب کیا۔