بوہرہ فوڈ فیسٹیول کے دوسرے روز شہریوں کا جم غفیر امڈ آیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر )بوہرہ کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ بوہرہ فوڈ فیسٹیول کے دوسرے روز شہریوں کا جم غفیر امڈ آیا، اسپیشل بوہری ڈش تھال میں شرکا خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں، فوڈ فیسٹیول میں مختلف کیٹیگریز میں مقابلوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے قلب ناظم آباد میں بوہرہ کمیونٹی کی جانب سے تین روزہ بوہرہ فوڈ فیسٹیول دوسرے روز بھی جاری رہا، دوسرے روز شہریوں نے اپنی فیملیز کے ہمراہ ہزاروں کی تعداد میں بوہرہ فوڈ فیسٹیول کا رخ کیا، شہریوں کی جانب سے اسپیشل بوہرہ ڈش تھال کو خصوصی طور پر پسند کیا جارہا ہے اور تھال کے اسٹال پر شرکا کا رش زیادہ ہے۔ فوڈ فیسٹیول میں مردوں کے درمیان روٹیاں پکانے اور بچوں کے درمیان اپنے پسندیدہ کھانے بنانے کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے۔واضح رہے کہ فیسٹیول میں 100 سے زائد اسٹالز لگائے گئے 
ہیں، جن میں روایتی بوہرہ فوڈز کے علاوہ کراچی کے دیگر مشہور کھانوں سمیت دنیا بھر کے لذیذ کھانوں کے اسٹالز بھی شامل ہیں۔بوہرہ فوڈ فیسٹیول کی نمایاں خصوصیت بوہرہ تھال ہے، جس میں پوری فیملی ایک ہی تھال میں ساتھ بیٹھ کر کھانا کھاتی ہے۔ بوہرہ فوڈ فیسٹیول میں بوہرہ تھال کے لئے آن لائن بکنگ کی جارہی ہے اور ایک تھال میں آٹھ افراد مختلف اقسام کے کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔فیسٹیول میں بچوں کے لئے ککنگ ایجوکیشن کے نام سے ایک ریسٹورنٹ بھی موجود ہے۔اسی طرح مردوں کے درمیان روٹی پکانے کے مقابلے بھی منعقد کئے گئے ہیں۔منتظمین کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بوہرہ فوڈ فیسٹیول کا مقصد شہریوں کو بوہرہ کمیونٹی کی روایات سے متعارف کرانا اور بوہرہ کمیونٹی اور شہریوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے فوڈ فیسٹیول سے بہتر آپشن کوئی نہیں ہوسکتا ہے۔شہریوں کی جانب سے بوہرہ فوڈ فیسٹیول کے انعقاد کو بہت سراہا جا رہا ہے۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بوہرہ فوڈ فیسٹیول کراچی کی روایات میں ایک خوشگوار اضافہ ہے، اس کے ذریعے ہمیں نہ صرف بوہرہ کمیونٹی کو سمجھنے کا موقع ملا ہے بلکہ باہمی تعلقات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہاں مختلف اقسام کے کھانے، کھیلوں کے انتظامات سمیت بہت کچھ موجود ہے اور ہم بہت مزے کر رہے ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی کہ بوہرہ فوڈ فیسٹیول کا انعقاد ہر سال کیا جاتا رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن