فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے تحت جزیرہ بھٹ میں تقریب 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی اورکمانڈراسکولنگ سسٹم کمیونٹی یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جزیرہ بھٹ میں ایک تقریب کا اہتمام کیاگیا۔پروگرام کا مقصد ماہی گیروں کے بچوں میں شعور کی بیداری تھاتاکہ یہ بچے اپنےمستقبل میں ملک وقوم کی بہتر خدمت کرسکیں۔ تفصیلات کے مطابق قدیمی جزیرہ بھٹ کے ماہی گیر رہنماسردارحسین اسلم بھٹی اورایڈمنسٹریٹر فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی زاہد ابراہیم بھٹی کی سربراہی میں ماہی گیر بستیوں میں اسکولنگ سسٹم کے تحت ماہی گیروں کے بچوں کے لیے بہترین تعلیم کا سلسلہ شروع کیاجا رہا ہے۔تاکہ ماہی گیروں کے بچے بھی اعلی تعلیم حاصل کر کے ملک و قوم کی ترقی میں اپناحصہ ڈال سکیں۔ایڈمنسٹریٹرزاہد ابراہیم بھٹی کے پرسنل سیکریٹری احمدیوسف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق بھی اسی جزیرے اور ماہی گیرگھرانے سے ہے۔میں نے اعلی تعلیم حاصل کر نے کے لیے بڑی محنت کی۔جسکے بعد میں نے کئی کمپنیوں میں اعلی عہدوں پر اپنیذمہ داریاں نبھائیں۔اوراپنی ماہی گیر برادری کا نام روشن کیا۔اور یہ ثابت کیا کہ ماہی گیروں کے بچے بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر اعلی مقام حاصل کر سکتے ہیں۔بھٹ کے رہائشی امیر حمزہ پانجری نے بتایا کہ اس نے اعلی تعلیم کے حصول کے دوران آذربائیجان سے13گولڈ میڈل اور دبئی سے 7میڈل حاصل کرکے ملک وقوم کا نام روشن کیا ہے۔اسکولنگ سسٹم کی پرنسپل سعدیہ عنبرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ماہی گیر بستیوں میں ماہی گیروں کے بچوں کے لیے تعلیم کا خصوصی طور پر اہتمام کریں گے۔مرچنٹ نیوی کے کیپٹن مظہرحسین نے کہا کہ میٹرک  کے بعد ماہی گیر بچوں کو سی ڈی سی کا کورس کرائیں گے۔جس سے ان کے بہتر مستقبل کے لیے راہ ہموارہو گی۔تقریب سے منیجرشوکت حسین،یو سی چیئرمین سلمان ابراہیم بھٹی،عروسہ،وجیہ،حاجی علی محمد،حاجی غلام علی میک اور ستار بھٹی نے خطاب کیا۔جبکہ شعیب طحہ نے اسٹیج سیکریٹری کے فرائض انجام دیئے۔کمانڈر  اسکولنگ سسٹم کے مالک عبداللہ میمن کو شیلڈ پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن