کراچی (اسٹاف رپورٹر )گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کمپیوٹر دور کے بچے میدان میں کھیلے جانے والے کھیلوں سے دور ہوتے جارہے ہیں، اب ان کی ترجیح لیپ ٹاپ اور موبائل فونز ہیں لیکن آج بچوں کی بڑی تعداد کی کھیلوں میں شرکت سے خوشی ہورہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلدیہ شرقی کے سالانہ اسپورٹس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ جب سالانہ سپورٹس ویک میں شرکت کے لئے داخل ہوئے تو تمام طلبہ و طالبات نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی رعنا انصار،سابق ایم این اے عبدا لقادر خانزادہ، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ شرقی سید شکیل احمد ،میونسپل کمشنر فہیم خان سمیت دیگر بھی موجودتھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ طلبہ و طالبات کا جوش وخروش دیکھ کر مجھے بہت زیادہ مسرت محسوس ہورہی ہے،مجھے یہاں آکر اپنے اسکول کے دنوں کی یاد آگئی۔ انہو ں نے کہا کہ جسمائی ورزش والے کھیلوں سے بچوں کی دوری انہیں آرام طلب بنا رہی ہے ماضی میں اسکول جسمانی ورزش والے کھیلوں کا مرکز ہوا کرتے تھے اس وقت اسکول اور کالج کی ٹیموں کے مابین بڑے کانٹے کے مقابلے ہوتے تھے لیکن آج کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور اب موبائل نے بچوں سے جسمانی کھیلوں کو دور کرکے لیپ ٹاپ اور موبائل فونز کی اسکرین تک محدود کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اسپورٹس ویک کے رسہ کشی ، اسپون ریس، بوری ریس، اور دیگر مقابلوں میں بچوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاجبکہ اس اسپورٹس ویک میں 26 اسکولوں کے 2000 کے قریب بچوں کی شرکت خوش آئند ہے۔گورنرسندھ نے کہا کہ ان مقابلوں میں شریک بچوں کو گورنر ہائوس میں روزہ کھولنے کی دعوت دیتا ہوں امید ہے کہ دوسرے بلدیاتی ادارے بھی اس طرح کے مقابلے منعقد کریں گے اور میں یہ بھی امید کرتا ہوں کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 3 مارچ سے کراچی گیمز منعقد کر رہے ہیں ان گیمز میں 42 کھیلوں کے مقابلہ ہوں گے۔بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے یقین دلایا ہے کہ وہ شہر کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں گے اس ضمن میں وزیراعظم مارچ کے پہلے ہفتہ کراچی کا دورہ کریں گے اس دورہ میں شہر کے سب اسٹیک ہولڈرز سے ملاقاتیں بھی کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ یہاں مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے جس آیا ہوں اسی روز ان مافیا سے لڑنے کا اعلان کیا میرے ہوتے ہوئے مافیا کی کوئی گنجائش نہیں اس لئے ایک بار پھر کہ رہا ہوں کہ مافیا اپنا بوریا بستر باندھ لیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ وزیراعلی سے جلد ملاقات کروں گااور انہیں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ بھی کروں گا اس وقت کراچی پولیس نفری کی کمی کاشکارہے۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری سے بھی ملاقات ہوئی تھی ،انہوں نے یقین دلایا تھا کہ سٹی گورنمنٹ کے ماتحت اسپتالوں کوخصوصی گرانٹ دیں گے۔