لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سنی اتحاد کونسل کی جانب سے وزارتِ اعلیٰ کے امیدوار رانا آفتاب نے کہا ہے کہ وہ کل کا انتخاب جیتیں گے۔ پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا آفتاب نے کہا کہ ہمارے ارکان کو اسمبلی میں نہیں لایا جا رہا۔ قائد ایوان کے انتخاب کیلئے ایوان مکمل نہیں ہے، ہاؤس مکمل کرنے کیلیے ہمارے لوگوں کو آنے دیا جائے۔ رانا آفتاب نے مزید کہا کہ ہمارے لیے عہدوں سے زیادہ اپنے کارکنوں کی زندگیاں عزیز ہیں۔ یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب کل ہوگا، وزارت اعلیٰ کیلئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مریم نواز جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے رانا آفتاب احمد خان کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں۔ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے دونوں امیدواروں کے کاغذات درست قرار دیئے گئے ہیں۔