نومنتخب ارکان قومی اسمبلی کی تنخواہوں، مراعات کیلئے ڈیڑھ ارب کے بجٹ کی سفارش

Feb 26, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) 16ویں قومی اسمبلی کے استقبال کی تیاریاں مکمل ہیں۔ نو منتخب ارکان اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات کیلئے ڈیڑھ ارب روپے کے مالیاتی بجٹ کی سفارشات تیار کر لی گئی۔ ارکان اسمبلی کو مراعات کے مد میں 25بزنس کلاس ایئر ٹکٹ، 3لاکھ مالیت کے ٹریولنگ واؤچر، بمع فیملی بلیو پاسپورٹ کی سہولت میسر ہو گی۔ ارکان اسمبلی کی تنخواہوں پر سالانہ 41کروڑ 11لاکھ، دیگر الاؤنسز کیلئے 13کروڑ، ریگولر الاؤنس کیلئے 9کروڑ 60لاکھ، دیگر الاؤنسز کیلئے 3 کروڑ 40لاکھ روپے مختص کیے گئے جبکہ ارکان کے ٹریولنگ اور ٹرانسپورٹیشن کیلئے89کروڑ 5 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔ دوسری جانب نومنتخب ارکان اسمبلی کو 1لاکھ 50ہزار ماہانہ بنیادی تنخواہ،38ہزار اضافی الاؤنسز کی مد میں ملے گا۔ ارکان اسمبلی کو ٹیلی فون کی مد میں 10ہزار، آفس الاؤنس میں 8 ہزار ملیں گے۔ جبکہ ایڈہاک ریلیف کی مد میں15ہزار، اضافی الاؤنس کی مد میں5ہزار ملیں گے۔ ارکان اسمبلی اجلاس میں شرکت کی صورت میں ڈیلی اور کنوینس الاؤنس حاصل کرنے کے مجاز ہونگے۔ ارکان اسمبلی 4ہز ار 800 روپے سپیشل، 2 ہزار800 عام الاؤنس جبکہ 2000 روپے یومیہ کنوینس الاؤنس کی مد میں حاصل کر سکیں گے۔ رکن اسمبلی کو ملک کے اندر سفر پر بزنس کلا س، بیرون ملک سرکاری دورے پر فرسٹ کلاس میں مفت سفر کی سہولت میسر ہو گی۔ دوران ڈیوٹی رکن اسمبلی یومیہ 2ہزار روپے گھریلو الاؤنس بھی حاصل کرنے کے حقدار ہون گے۔ ارکان اسمبلی کو سالانہ 3 لاکھ روپے کے ٹریول واؤچرز،25بزنس کلاس مفت ریٹرن ٹکٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ ہر رکن اسمبلی اور ان کی فیملی ممبران سرکاری پاسپورٹ پر سفر کرنے کے مجاز ہوں گے۔ ارکان اسمبلی اور ان کی فیملی ممبران کو بلیو پاسپورٹ کا اجراء کیا جائے گا۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین بننے پر 25ہز ار روپے اعزازیہ دیا جائے گا۔ چیئرمین کمیٹی بننے پر رکن کو پرائیوٹ سیکرٹری، اسٹینو، نائب قاصد اور ڈرائیور بھی دیا جائے گا۔ رکن اسمبلی کو بطور چیئرمین کمیٹی 1300 سی سی گاڑی کے ساتھ 600 لیٹر فیول بھی فراہم کیا جائے گا۔

مزیدخبریں