خیرپور (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر نائب صدر منظور حسین وسان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو اڑھائی سال کے بعد ملک میں ایسے حالات پیدا ہوں گے کہ حکومت اپنی پانچ سال کی مدت پوری نہیں کر سکے گی۔ تین سال کے بعد دوسرا کوئی شخص وزیراعظم بن سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی کی کوشش ہوگی کہ حکومت اپنی مدت پوری کر سکے۔ بانی پی ٹی آئی نے خود اپنے آپ کو مصیبت میں ڈال رکھا ہے وہ آگے چل کر پریشان ہوگا اور اپنی غلطیوں کا اعتراف کرے گا۔ پی ٹی آئی کی دن بدن پوزیشن خراب ہو رہی ہے، آگے چل کر ان کا ساتھ دینے والا کوئی نہیں ہوگا۔ آج جو لوگ تحریک چلا رہے ہیں وہ آگے چل کر خود پچھتائیں گے، جی ڈی اے والے جس اشارے پر تحریک چلا رہے ہیں وہ آہستہ آہستہ خاموش ہوجائیں گے اور پرانی تنخواہ پر چلیں گے۔ منظور وسان نے مزید کہا کہ جی ڈی اے والے ہی دھاندلیوں کی بنیاد ڈالنے والے ہیں۔
حکومت مدت پوری نہیں کرے گی‘ تین سال بعد دوسرا شخص وزیراعظم بن سکتا ہے: منظور وسان
Feb 26, 2024