لاہور( نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے گورنر ہاوس لاہور میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب کو نگران سیٹ اپ کی 13 ماہ کی کارگردگی سے تفصیلا آگاہ کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے نگران حکومت کی کارگردگی کے بارے گورنر پنجاب کو کتاب پیش کی۔گورنر پنجاب نے عوامی فلاح کے منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر محسن نقوی اور کابینہ کی کارکردگی کو سراہا۔گورنرپنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آپ کی لیڈرشپ میں نگران حکومت نے عوامی خدمت، شفافیت اور گورننس کی اچھی مثال قائم کی ہے۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ نے سروسز ہسپتال میں نئی لیب و کولیکشن سنٹرکا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ انتہائی کم وقت میں بہترین لیب و کولیکشن سنٹر کا قیام خوش آئند ہے۔نئی لیب و کولیکشن سنٹر سے ادارے کو ریونیو بھی ملے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے شعبہ صحت کے 42 ویں پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر کیک بھی کاٹا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بادشاہی مسجد میں تبرکات مقدسہ کیلئے نئے میوزیم اور مزار اقبال کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ ، شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ بنائے گئے لاہور فورٹ کیفے کابھی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کی منتقلی کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ عظیم ہستیوں سے منسوب تبرکات کوبہترین جگہ پر محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ نئے میوزیم میں تبرکات مقدسہ کو بہترین انداز سے علیحدہ علیحدہ محفوظ رکھا جائے گا۔مزار اقبال کے بیرونی احاطے میں نئی ٹائلز اور ماربل لگانے اور اندرونی حصے کی تزئین وآرائش کا کام بھی مکمل ہو گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے صوبائی وزراء کے ہمراہ مزار اقبالؒ پر حاضری دی اوردعا کی۔ مزار اقبال پر حاضری کیلئے عقبی دروازہ استعمال کرنے کے ایس او پیزتیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے کہا کہ شاہی قلعہ کی بیرونی دیوار کے ساتھ لاہور فورٹ کیفے کا قیام سے سیاح لطف اندوز ہوں گے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر کھڑک سنگھ حویلی اوراکبری محل کی اصل حالت میں بحالی کے پراجیکٹ کاباقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کھڑک سنگھ حویلی اور اکبری محل کے مختلف حصے دیکھے اورگہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو کھڑک سنگھ حویلی سے برآمد ہونے والے پرانے جہاز کے انجن کے بارے میں بتایا گیا۔ وزیراعلیٰ نے برآمد ہونے والے قدیمی نوادرات بھی دیکھے، بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو کھڑک سنگھ حویلی کی دیواروں پر موجود پلستراتار کر نانک چندی اینٹوں کے بارے میں بتایاگیا۔ محسن نقوی نے کھڑک سنگھ حویلی اور اکبری محل کی بحالی کے پراجیکٹ کو جلد ازجلد تکمیل کی ہدایت کی۔