لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ صدر مملکت نے سمری پر اجلاس نہ بلایا تو 29فروری کو سپیکر آئینی طور پر خود اجلاس بلا سکتا ہے۔ آئین کی 21 دن کی مہلت کے حساب سے 29 فروری آخری تاریخ بنتی ہے۔ صوبوں میں بھی اگر گورنر اجلاس نہیں بلاتا تو وہاں بھی یہی اصول لاگو ہو گا۔ سابق وفاقی وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ معیشت کیسے درست ہوگی ایسے فلور پر یہ نہیں ڈسکس کر سکتا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے سینٹ میں قائد ایوان اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔ گورنر ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں صوبہ پنجاب کے معاملات اور مسائل بالخصوص سکول سے باہر بچوں کے مسئلے، تعلیم اور یونیورسٹیوں سمیت مختلف معاملات پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نئی بننے والی وفاقی حکومت کے حوالے سے بھی مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے آنے والی وفاقی حکومت ملک کے مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، دعا ہے ہم انتشار اور فساد سے بچتے ہوئے اپنی توجہ تعلیم، رفاہ عامہ اور معاشرتی اصلاح کی طرف کریں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے گورنر پنجاب کو اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنے پر مبارکباد بھی دی۔