وکلاء سے مل کر انصاف، برابری، قانون کی حکمرانی کیلئے کام کرینگے: بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز آئین کی حکمرانی اور انصاف کے اصولوں کا پرچم بلند رکھتی ہیں۔ پیپلز پارٹی 1973ء کے آئین کی خالق ہے، ملک کی بنیادوں کو مضبوط کرنے میں تاریخی کردار ادا کرتی رہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وکلاء برادری کے ساتھ اچھے تعلقات استوار رکھے ہیں جس سے جمہوریت مستحکم ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی اور وکلاء مل کر معاشرے میں انصاف برابری قانون کی حکمرانی کیلئے کام کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر اسد منظور بٹ، ملتان ہائیکورٹ بار کے نومنتخب صدر سجاد حیدر، میتلا حیدر آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے نئے منتخب ہونے والے صدر ایاز تونیو، لاہور ہائیکورٹ کے نومنتخب صدر سمیت دیگر عہدیداروں کو مبارک باد پیش کی۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ضلع حیدر آباد کے صدر و ڈپٹی مئیر صغیر قریشی سے ان کی بڑی بہن کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جاری تعزیتی پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اللہ تعالی آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے مرحومہ کے لیے درجات کی بلندی اور جنت الفردوس کی دعا کی۔بلاول بھٹو زرداری نے شب برات کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اللہ تبارک وتعالٰی اس بابرکت رات دعائیں قبول کرتے ہیں اور اس موقع پر ہمیں چاہیے کہ انفرادی دعاؤں کے ساتھ ساتھ اجتماعی دعاؤں کا بھی اہتمام کریں اور وطن عزیز کی سلامتی، استحکام، معاشی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی دعائیں کریں۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شب برات فضیلت اور عظمت والی وہ رات ہے کہ جب اللہ کی رحمت ہم انسانوں کی جانب خاص متوجہ ہوتی ہے اور ہمارے گناہ بخشے جاتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن