خط: عزائم ملک دشمن قوتوں کے ہو سکتے‘ سیاسی گروہ کے نہیں: خواجہ آصف

سیالکوٹ (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش پر مبارکباد کیلئے آئے معززین علاقہ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022ء میں عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کے بعدآئی ایم ایف کو خط لکھے گئے اور اب پھر وہی تاریخ دہرائی جا رہی ہے اور آئی ایم ایف کو خط لکھے جا رہے ہیں۔ یہ خواہشات اور عزائم پاکستان دشمن قوتوں کے تو ہو سکتے ہیں کسی پاکستانی نام نہاد سیاسی گروہ کے نہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا آج پیر کو وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہونے جا رہا ہے اور انشاء اللہ مریم نواز شریف وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھا کر ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا سابق وزیراعظم محمد شہباز شریف مسلم لیگ (ن) کے نامزد وزیراعظم ہیں جو جلد اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اور ہم پرعزم ہیں کہ اپنے قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو اندھیروں سے نکالنے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن