اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف بیان بازی سے قبل جماعت اسلامی اپنے ماضی کو یاد رکھے۔ فیصل کریم کنڈی نے جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے جماعت اسلامی کو کبھی بھی مینڈیٹ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو ہر آمر کے دور میں اقتدار میں حصہ دار بنایا جاتا ہے۔ جماعت اسلامی والے جنرل ضیاء اور پرویز مشرف کے لاڈلے تھے۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ 2024ء کے انتخابات دھاندلی زدہ اور انجینئرڈ ہیں ہر پانچ سال بعد پچھلا لاڈلہ زہر، نیا لاڈلہ آنکھوں کا تارا بن جاتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نواز شریف، آصف علی زرداری، ایم کیو ایم جعلی مینڈیٹ پر اپنے ضمیر کو جھنجھوڑیں۔
زرداری کے خلاف بیان بازی سے پہلے جماعت اسلامی اپنا ماضی یاد رکھے: فیصل کنڈی
Feb 26, 2024