کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہم نے جمہوریت کو سامنے رکھتے ہوئے سب سے پہلے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا۔ سندھ اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اس وقت جمہوریت کی چابی ہے، جسے ہم نے جمہوریت کے لیے استعمال کیا۔ رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بغیر کسی لالچ کے بیٹھے ہیں، ہم وزارت عظمیٰ کے لیے ووٹ بھی دیں گے اور قانون سازی و دیگر معاملات میں بھی تعاون کریں گے مگر ہم وفاقی حکومت سے کوئی وزارت نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے میں اے این پی کس کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔ جی ڈی اے تو کبھی بھی ایک سیٹ سے زیادہ نہیں جیتی۔ خورشید شاہ نے بتایا کہ چیئرمین سینٹ کے لیے ابھی یوسف رضا گیلانی کے نام پر غور ہو رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو لکھے گئے خط پر تبصرہ کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔