خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے صحت وتعلیم کی فراہمی اہم عوامل ہیں،عارف علوی 

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے مقصد کے حصول کے لیے صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی اہم عوامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ 2024 کے 5ویں ایڈیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت عارف علوی نے خواتین کو ہراسیت سے پاک ماحول کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ وہ افرادی قوت کا حصہ بن کرسماجی و معاشی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں ۔صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم خواتین رہنماؤں کو معاشرے میں ان کے کرداراور ان خواتین کو معاشی طورپربا اختیار بنانے میں کردار ادا کرنے والے مردوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔خواتین کے حقوق پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد مبارک ہے کہ جس شخص نے دو بیٹیوں کی پرورش کی اس نے جنت میں اپنا مقام حاصل کیا‘‘۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ انسانی معاشروں میں خواتین زمانوں سے محبت اور امید کی مجسم رہی ہیں اور انہوں نے بچوں کو محبت کا درس دیا اور خاندانی نظام کو برقرار رکھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کو جنگوں اور نسل کشی کی کارروائیوں میں سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، پچھلی صدیوں میں نسل کشی میں لاکھوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔صدر مملکت نے غزہ میں اسرائیلی فورسز کی نسل کشی کی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں خواتین اور بچے مارے گئے۔ صدر نے مزید کہا کہ غزہ میں نسل کشی ذاتی مفادات اور انسانی اقدار کی نفی میں کی گئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم چیلنجوں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتی ہے جیسا کہ اس نیکووڈ-19 وبائی مرض کے دوران اجتماعی کوششوں کے ذریعے کیا اور پاکستان اس مہلک بیماری سے نمٹنے میں تیسرا کامیاب ملک رہا۔ انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ مل کر کام کریں اور غربت، غذائیت کی کمی، سٹنٹنگ اور زچگی اور نوزائیدہ اموات سمیت متعدد چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد پیدا کریں۔صدر مملکت اور خاتون اول نے دیگر ممتاز شخصیات کے ساتھ خواتین رہنمائوں کو تعلیم، صحت اور کاروبار کے شعبوں میں شاندار خدمات پر ایوارڈز سے نوازا۔شیبا نجمی، خورشید بانو، رضیہ کوریجو، ہما فخر، بی بی آمنہ، ثانیہ سعید، شیما کرمانی، صادقہ صلاح الدین، نمیرہ سلیم، ڈاکٹر امانی اسفور، ڈاکٹر امجد ثاقب اور ڈاکٹر عز الد?ن ابو الع?ش کو معاشرے میں نمایاں خدمات پر ایوارڈز سے نوازا گیا۔تقریب میں وزراء￿ ، سفارت کاروں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن