لاہور(سپورٹس رپورٹر)بینک الفلاح نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ برائے قائداعظم گولڈ کپ 2024ء کا فائنل ٹیم ایف جی پولو نے جیت لیا، فائنل میں ٹیم بی این پولو کو 8-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میچ قبل سے موٹرسائیکل پریڈ، ونٹیج گاڑیوں کی پریڈ، نیزا بازی، عربین گھوڑوں کا ڈانس، چھوٹے بچوں نے گھوڑوں پر مختلف کرتب دیکھائے۔ ایف جی پولو اور بی این پولو کی ٹیموں کے درمیان میچ انتہائی دلچسپ رہا۔ پانچویں چکرکے شروع تک سکور 5-5 سے برابر تھا۔ آخری چکر میں ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لا سیٹ نے شاندار کھیل پیش کیا۔ راہول نے 6 گول اور اینڈرس لورنٹے نے دو گول کیے۔ایف جی پولو نے پہلی بار نیشنل اوپن پولو چیمپئن شپ جیتی۔ سب سڈری فائنل ٹیم اولمپیاء/اے زیڈ بی نے ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس کو 4-3 سے ہرا کر سب سڈری فائنل جیت لیا۔ فائنل والے دن لاہور پولو کلب کے سیزن ایوارڈز بھی تقسیم کیے گئے۔ لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سابق صدر لاہور پولو کلب عرفان علی حیدر کو دیا گیا۔ سال کے بہترین پاکستانی کھلاڑی کا ایوارڈ راجہ میکائل سمیع، بہترین غیرملکی کھلاڑی کا ایوارڈ راول لیپ لا سیٹ کو دیا گیا۔ سب سے زیادہ گول کرنے پر میکس چارلٹن کو ایوارڈ دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی بہترین لوکل گھوڑی کا ایوارڈ راجہ تیمور ندیم کی گھوڑی چینک کو دیا گیا، ٹورنامنٹ کے بہترین گھوڑے کا ایوارڈ دانیال شیخ کے گھوڑے اوپن کو دیا گیا۔ فائنل کی بہترین گھوڑی کا ایوارڈ میاں عباس مختار کی گھوڑی کو دیا گیا۔