لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس ایڈوائزر زایسوسی ایشن کے سینئر رہنما چودھری امانت بشیر نے کہا ہے کہ جو سیاسی جماعتیں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں انہیں بلا تاخیر آئی ایم ایف سے اگلے پروگرام کیلئے ہوم ورک شروع کر دینا چاہیے۔ حالات کا جائزہ لیا جائے تو ہمیں آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر کا بیل آئوٹ پیکج درکار ہوگا۔ ٹیکس بار کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آنیوالی وفاقی حکومت اپنے اخراجات میں کم از کم 50فیصد کٹوتی کرے ، غیر ضروری محکموں کو تحلیل کیا جائے۔ پارلیمنٹ میں پہنچنے والے اراکین کی اکثریت صاحب ثروت شخصیات ہیں اس لئے انہیں قومی خزانے سے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا اعلان کرنا چاہیے۔خسارے میں جانے والے تمام سرکاری محکموںاور کارپوریشنز کی فوری نجکاری کی جائے۔ وفاقی محکموں کی بیکار پڑی اراضی کو لیز پر دیکر اس سے حاصل ہونیوالی آمدنی کو غیر ملکی قرضے اتارنے کیلئے استعمال میں لایا جائے۔ اصلاحات کی کڑی گولی نگلے بغیر ملک درست سمت میں گامزن نہیں ہو سکتا۔ پاکستان انتہائی نازک حالات سے گزر رہا ہے اس لئے سب کو ہوش کے ناخن لینا ہوں گے۔