کارکن ہمارا اثاثہ ،اللہ کے فضل و کرم سے مایوس نہیں ہیں:جاوید قصوری  

Feb 26, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پی پی 159میں انتخابات میں فعال کردار ادا کرنے والے کارکنان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن ہمارا اثاثہ ہیں اور ہم اللہ کے فضل و کرم سے مایوس نہیں ہیں۔ ہم نے اللہ کی رضا کی خاطر بھرپور طریقے سے جدوجہد کی ہے اور نفاذ مصطفیؐ کیلئے اپنی آخری سانس تک کوشش کرتے رہیں گے۔ 8فروری کو جس انداز میں انتخابی دھاندلی کرکے مخصوص لوگوں کو جتوایا گیا وہ پوری قوم نے دیکھا لیا۔ وہ وقت دور نہیں جب جماعت اسلامی کے لوگ اسمبلیوں میں کلمہ حق بلند کریں گے۔ موجودہ قومی اسمبلی میں نومنتخب 265 ارکان میں سے 112کا تعلق زمیندار گھرانوں سے ہے۔ 83 کامیاب امیدواروں کا ذریعہ آمدنی کاروبار ہے۔ یہ اسمبلی بھی جاگیرداروں، سرمایہ داروں کی اسمبلی ہے جس میں عوامی نمائندگی کرنے والا کوئی نہیں جبکہ دیگر نو منتخب ارکان قومی اسمبلی میں 16 وکلا، 7 ڈاکٹر، 4 انجینئرز، 4 علمائے کرام اور عالم، 3 گدی نشین جبکہ 3 کا تعلق درس و تدریس کے شعبے سے ہے۔ اتحادی حکومت ایک دوسرے کے مفادات کو تحفظ فراہم کرنے کے سوا کچھ نہیں کر سکتی۔ ماضی میں پی ڈی ایم کی حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔ 

مزیدخبریں