گڈ گورننس کےلئے ریاست کے تینوں ستونوں کی پاسداری ناگذیر ہے: وزیراعظم

Jan 26, 2010

سفیر یاؤ جنگ
اسلام آباد (وقت نیوز + ریڈیو مانیٹرنگ + نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کے لئے ریاست کے تینوں ستونوں کی پاسداری ناگذیر ہے۔ معروف قانون دان عبدالحفیظ پیرزادہ‘ چیئرمین پے اینڈ پنشن کمیٹی عشرف حسین‘ ارکان پارلیمنٹ خانزادہ خان‘ ظفر ہراج‘ راجہ شوکت حیات‘ طارق تارڑ کی الگ الگ ملاقاتوں میں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پے اینڈ پنشن کمشن مارچ تک اپنی سفارشات پیش کر دے گا جن پر اگلے بجٹ سے عملدرآمد ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس اسی صورت میں ممکن ہے جب سول سروس مختلف پروگرام چلانے پر پوری توجہ مرکوز کرے اور سول ملازمین کو مشاہرے بہتر ہونے پر حکومتی پالیسیاں م¶ثر طور پر نافذ کرنے کی ترغیب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست کے تمام اداروں کا بھرپور احترام کرتی ہے۔ آئین کے مطابق ریاست کے تینوں ستونوں عدلیہ‘ مقننہ اور انتظامیہ کی پاسداری گڈ گورننس کے لئے ناگذیر ہے کیونکہ اسی سے ہی ملک کو درپیش چیلنجوں کو حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ پیرزادہ سے حکومت سے متعلق قانونی معاملات پر مشاورت بھی کی ہے۔ یوسف گیلانی نے کہا کہ حکومت سیاسی مفاہمت کے ذریعے ملک میں جمہوری اداروں کے استحکام کے لئے کوشاں ہے‘ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صوبائی خودمختاری کے فروغ اور عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں‘ جس کے دوررس اثرات برآمد ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں یوسف گیلانی نے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے افراد کے بیرون ملک سیلف فنانس کی بنیاد پر زیر تعلیم بچوں کے لئے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ اس مالی امداد کے تحت حکومت طلبہ کی ایک سمسٹر کی مکمل ٹیوشن فیس اور رہائشی اخراجات ادا کرے گی اس امداد سے 76 طلبہ فائدہ اٹھا سکیں گے جنہیں مجموعی طور پر ایک لاکھ 74 ہزار ڈالر سے زائد رقم فراہم کی جائے گی۔
مزیدخبریں