لاہور (نامہ نگاران) زرعی اجناس پر ساڑھے تین فیصد ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف آڑھتیوں کسانوں کا احتجاج گزشتہ روز بھی جاری رہا جبکہ انجمن آڑھتیاں نے 28 جنوری کو پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے سول نافرمانی کی تحریک شروع کرنیکی دھمکی بھی دیدی۔ کئی شہروں میں غلہ منڈیاں بند رہیں‘ جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں‘ صفدر آباد سے نامہ نگار کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف آڑھتیوں نے غلہ منڈی میں ہڑتال کی انجمن آڑھتیاں کے صدر میاں اقبال نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ودہولڈنگ ٹیکس کا فیصلہ واپس لے سانگلہ ہل سے نامہ نگار کے مطابق غلہ منڈی میں آڑھتیوں نے ودہولڈنگ ٹیکس کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر صدر محمد ساجد ورک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنا فیصلہ واپس لے۔ اوکاڑہ‘ عارفوالا‘ قبولہ‘ پاکپتن‘ ہارون آباد میں انجمن آڑھتیاں نے احتجاج جاری رکھا۔ غلہ منڈیوں میں ہڑتال کی گئی۔ فقیر والی‘ گگومنڈی میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ بورے والا کی غلہ منڈی میں13ویں روز بھی مکمل تالا بندی رہی اس سلسلہ میں انجمن آڑھتیاں بورے والاکے زیر اہتمام صوبائی کنونشن کا اہتمام کیا گیا جس میں صوبے بھر کی غلہ منڈیوں کے عہدیداران نے شرکت کی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انجمن آڑھتیاں پنجاب کے صوبائی صدر رائے احسان اللہ، جنرل سیکرٹری چوہدری طاہر شریف گجر دیگر قائدین نے کہا کہ زرعی اجناس پر ساڑھے تین فیصد ود ہولڈنگ ٹیکس آڑھتیوں کسانوں کے خلاف گہر ی سازش ہے۔ انہوں نے کہا پنجاب بھر کی مارکیٹ کمیٹیوں کے دفاتر کی کل سے مکمل تالا بندی کی جائے گی اور28جنوری کو ملک بھر کی تمام شاہراہوں کو بلاک کر کے ٹریفک جام کی جائے گی حکومت فوری طور پر یہ ظالمانہ ٹیکس واپس لے ورنہ28جنوری کو پنجاب بھر کے آڑھتی، کاٹن جنرز اور کاشتکار پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج اور دھرنا دیں گے انہوں نے دھمکی دی کہ28جنوری تک اگر انکے مطالبات پورے نہ ہو ئے تو وہ ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دیں گے۔ فورٹ عباس سے نامہ نگار کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف بارہویں روز بھی غلہ منڈی فورٹ عباس میں شٹر ڈاﺅن ہڑتال رہی۔ چیمبر آف کامرس کی طرف سے کسان کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ صدر انجمن آڑھتیاں چوہدری عبدالمجید اور میاں خالد فاروق نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس ٹیکس کا نفاذ زرعی معیشت پرڈرون حملہ ہے۔ چشتیاں سے نامہ نگار کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس کے خلاف غلہ منڈی چشتیاں کے ڈنڈا بردار معاشی بدحال مزدوروں نے غلہ منڈی سے احتجاجی جلوس نکالا مظاہرین نے ٹائر جلا کر ہائی وے روڈ کو کئی گھنٹے تک بلاک رکھا۔