کراچی (آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے کہا ہے کہ تین بڑوںکا کرکٹ کے کھیل پر قبضے کا مجوزہ منصوبہ شرمناک اقدام ہے ، پی سی بی سمیت رکن ممالک کی سستی ’’تین بڑوں ‘‘کو مزید طاقتور بنا رہی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ بھارت،انگلینڈ اور آسٹریلیا پیسے کے لحاظ سے ایک طاقت ہیں لیکن انہیں اختیارات سونپ دینا تباہ کن ثابت ہوگا۔ دیگر سات ممبرز کا رویہ بھی درست نہیں ہے اور ان کی سستی سے ہی ان تین بڑوں کو حوصلہ مل رہا ہے۔ راشد لطیف نے کہا کہ دیگر سات رکن ممالک اپنے موقف پر کمزوری دکھا رہے ہیں جس کی وجہ سے بات آگے بڑھی ہے،انہیں چاہئے کہ وہ آئی سی سی ایونٹس کا بائیکاٹ کر کے اپنا بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں۔ اس ناانصافی کیخلاف اگر سات ممالک آواز بلند کریں تو مجوزہ ڈرافٹ منصوبے پر کبھی عمل نہیں ہو سکے گالیکن خدشہ اس بات کا ہے کہ سات ممالک ایک نکتے پر متحد نہیں ہوں گے۔سابق کپتان کے مطابق اگر پانچ ملک کمزوری کا مظاہرہ کر رہے ہیں تو جنوبی افریقہ اور پاکستان مل کر اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔