اسلام آباد(ثناء نیوز)انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے برطانوی شہری کو پاکستان میں توہین رسالت کے جرم میں سزائے موت کا حکم سنا ئے جانے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے اس کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے پیسیفک کے خطے کے ڈپٹی ڈائریکٹر پولی ٹروسکوٹ نے محمد اصغر کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ ایک ایسے موقع پر جب پاکستان میں مذہبی جذبات کا سہارا لے کر ذاتی جھگڑوں کے لیے اس قانون کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے، اس قانون میں ترمیم کی شدید اور فوری ضرورت ہے۔ادھر اسلام آباد میں برطانوی سفارت خانے کی جانب سے بھی محمد اصغر کے معاملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس سلسلے میں اصغر کی قانونی مدد کی گئی اور حکومت سے بھی اس معاملے پر بات چیت کی جا رہی ہے۔