حکومت 12فروری سے پہلے مستقل چیئرمین ایچ ای سی تعینات کرے

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مستقل چیئرمین ہائر ایجوکیشن کی تعیناتی سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے حکومت کو 12 فروری سے پہلے مستقل چیئرمین کی تعیناتی کو ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل یک رکنی بنچ نے 6 جنوری کو سماعت کرتے ہوئے تفصیلی فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ پروفیسر عطا الرحمن نے حکومت کو فریق بناتے ہوئے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ایکٹنگ چیئرمین ایچ ای سی امتیاز حسین کے عہدے کی میعاد 12 فروری 2014ء کو پوری ہورہی ہے، اعلی تعلیم کے حوالے سے یہ عہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جسے خالی نہیں چھوڑا جاسکتا جبکہ مستقل اور ایکٹنگ چیئرمین کے اختیارات اور ترجیحات میں بھی فرق ہوتا ہے۔ حکومت مستقل چیئرمین ایچ ای سی تعینات کرے جبکہ دوران سماعت عدالت کو یقین دہانی کراتے ہوئے جوائنٹ سیکرٹری وزارت تعلیم ٹیکنکل ٹریننگ (ایچ ای سی) طارق نواز نے بتایا تھا کہ مستقل چیئرمین کی تقرری سے متعلق سمری 24 ستمبر 2013ء کو وزیراعظم کو بھجوا دی گئی تھی۔ اس حوالے سے اشتہار شائع ہوچکا ہے، قانون اور قوائدو ضوابط کے مطابق جلد مستقل چیئرمین ایچ ای سی تعینات کردیا جائے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں 12 فروری 2014ء سے پہلے شفاف طریقے سے چیئرمین کی تعنیاتی کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن