اسلام آباد(آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ بندوق‘ گولی اور خودکش دھماکوں سے تبدیلی نہیں آسکتی‘ دہشت گرد پاگل اور جنونی ہیں جنہیں شکست دینے کیلئے اے این پی آئندہ بھی قربانیاں دیتی رہے گی۔ حکمراں جماعتیں طالبان کو بھتہ دیکر اپنی جانیں بچا رہی ہیں‘ تین ماہ میں تبدیلی لانیوالوں نے 9 ماہ کے اندر صوبے کو دہشت گردی کا گڑھ بنادیا ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں باچا خان اور ولی خان کی یاد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہماری پالیسیوں پر تنقید کرتے تھے لیکن 9 ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود وفاقی اور صوبائی حکومتیں میزوں کے نیچے بیٹھ کر اپنی پالیسیاں ڈھونڈ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں گذشتہ دس سال سے دہشت گردوں کا قبضہ ہے اور ملک عملی طور پر کالونی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر گلگت بلتستان‘ بلوچستان اور فاٹا میں دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل اور ڈرپوک خان کو جنرل پاشا نے ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت خیبرپی کے پر مسلط کیا جسے عوام کبھی قبول نہیں کریں گے۔
دہشت گرد پاگل ہیں، بندوق، گولی، خودکش دھماکوں سے تبدیلی نہیں آسکتی: افراسیاب خٹک
دہشت گرد پاگل ہیں، بندوق، گولی، خودکش دھماکوں سے تبدیلی نہیں آسکتی: افراسیاب خٹک
Jan 26, 2014