اسلام آباد (آن لائن) برطانیہ اگلے برس پاکستان کی ترقیاتی امداد 35 کروڑ پاؤنڈ سے بڑھا کر 40 کروڑ پاؤنڈ کر دے گا۔ یہ بات برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل معظم ملک نے ایک انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمے نے پاکستان کی ترقیاتی ضروریات پوری کرنے میں مدد دینے کا عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کے لئے تعلیم، صحت اور غربت میں کمی کے شعبوں میں تعاون کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ یہ محکمہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے معاونت فراہم کر رہا ہے اور انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے انہیں اپنے اہل خانہ کے لئے روزگار کمانے میں مدد دے رہا ہے۔ معظم ملک نے کہا کہ پنجاب اور خیبر پی کے کی حکومتوں کے اشتراک سے چار لاکھ طالبات کو وظائف دئیے جائیں گے جس کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ سکول میں تعلیم حاصل کر سکیں۔