اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان برونائی انوسٹمنٹ کمپنی کی جانب سے پاکستان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے فنانسنگ اور سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کمپنی پاکستان میں اپنے منصوبوں کو بڑھائیگی۔ وہ پاکستان برونائی انوسٹمنٹ کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری اور آئندہ کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اس موقع پر کمپنی کی ایم ڈی عائشہ عزیز نے کہا کمپنی کی سرمایہ کاری کا حجم9 ارب روپے ہے۔ 8 سال قبل تین ارب روپے سے سرمایہ کاری کا آغاز کیا تھا۔ آئی این پی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا پاکستان برونائی سرمایہ کاری کمپنی کی کارکردگی قابل تعریف ہے جس کی ایس ایم ای سیکٹر کو فراہم کردہ قرضوں کی وصولی سو فیصد ہے۔ عائشہ عزیز نے بتایا پاکستان کے مختلف علاقوں میں مزید ایس ایم ای برانچیں قائم کی جائیں گی۔ اسکے علاوہ پاکستان اور برونائی کا مشترکہ منصوبہ ہے بڑے بڑے کنٹینرز کی شکل میں متحرک گودام قائم کئے جائیں۔