اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + وقائع نگار خصوصی) سینٹ کی مجلس قائمہ برائے دفاع کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے دفاعِ وطن میں کوشاں مسلح افواج کو اعلیٰ الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک آرمی ملکی بقاء اور پاکستان کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملکی پارلیمانی تاریخ کے پہلے دورہِ شمالی وزیرستان کے موقع پر کیا۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بطورِ خاص شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملکی سیاسی جماعتوں پر مشتمل پارلیمانی وفد کو شمالی وزیرستان کے حالات کا جائزہ لینے کیلئے مدعو کیا، سینیٹر مشاہد حسین کی سربراہی میں چوہدری شجاعت حسین، راجا ظفرالحق، فرحت اللہ بابر، حاجی عدیل، سحر کامران، عبدالرؤف اور سیکرٹری کمیٹی ڈاکٹر سید پرویز عباس پر مشتمل وفد نے پشاور میں آرمی پبلک سکول کے دورے کے موقع پر شہداء کی یادگار پر پھول چڑھاتے ہوئے معصوم روحوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی، اس موقع پر انہیں دہشت گردی کے خلاف حالیہ جنگ میں شہید ہونے والوں کے نام پر قائم یادگار کا دورہ بھی کرایا گیا۔ کور ہیڈکوارٹر پشاور کے دورے کے دوران کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے متعلق بریفنگ دی۔ کور کمانڈر نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک 4173فوجی جام ِ شہادت نوش کرچکے ہیں جبکہ زخمیوں کی تعداد 13ہزار ہے۔ سینٹ ڈیفنس کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ پاک آرمی کے تحت جنگ زدہ فاٹا علاقوں میں ڈویلپمنٹ اور تعمیراتی کاموں میں 900ملین ڈالرز خرچ ہوچکے ہیں۔ بعد ازاں، پارلیمانی وفد کو شمالی وزیرستان کے اہم ترین شہر میران شاہ کا دورہ بھی کرایا گیا۔ میجر جنرل ظفراللہ خان نے وفد کو بتایا کہ گزشتہ برس15جون سے جاری آپریشن ضرب عضب میں 1300دہشت گردوں کا صفایا کردیا گیا، 600نے خود کو سرنڈر کیا جبکہ 223دہشت گردوں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی، اس کارِ خیر میں پاک آرمی کے63فوجی شہید اور238زخمی ہوئے۔ میجر جنرل ظفراللہ خان نے دہشت گردوں کے انفراسٹرکچر کے حوالے سے بتایا کہ ناجائز اسلحہ، گولہ بارودکی چالیس فیکٹریاں تباہ کی گئیں جبکہ 137ٹن بارودی مواد پکڑا گیا۔ دورے سے واپسی پر سینٹ ڈیفنس کمیٹی کے وفد نے بٹہ خیل میں آئی ڈی پیز کیلئے قائم کیمپ میں پڑاؤ کیا جہاںشمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے بیس ہزارمتاثرہ افراد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وقتی طور پر رہائش پذیر ہیں۔ سینیٹرز کی طرف سے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سینیٹرز نے کہا کہ شہداء اور زخمیوں کی قربانیاں لازوال ہیں۔ سینیٹرز نے قبائلی علاقوں میں کئے گئے کاموں کی تعریف کی۔ آئی ڈی پیز کی جلد واپسی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
سینٹ کمیٹی کے ارکان کا کور ہیڈ کوارٹر پشاور، آرمی پبلک سکول، شمالی وزیرستان کا دورہ
Jan 26, 2015