پنجاب میں 12 روزہ انسداد خسرہ مہم آج شروع، 16ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل

Jan 26, 2015

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پنجاب میں آج (26 جنوری سے) انسداد خسرہ کی 12 روزہ خصوصی مہم شروع ہورہی ہے جو 9 فروری تک جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران6 ماہ سے 10 سال تک کی عمر کے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو خسرہ سے بچائو کے ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس مقصد کیلئے محکمہ صحت نے 16 ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب میں خسرہ سے بچائو کی مہم چلائی جارہی ہے۔ اس مہم پر 2 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد خرچ ہوں گے۔ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیںصوبہ بھر میں یونین کونسل کی سطح پر ہر محلے میں پہنچیں گی اور کسی معروف جگہ پر بیٹھ کر بچوں کو انجکشن لگائے جائیں گے جبکہ سوشل موبلائزر (رضا کار) گھر گھر جا کر لوگوں کو ٹیکے لگانے والی ٹیم کی آمد کے بارے میں اطلاع دیں گے۔ علاوہ ازیں مساجد سے بھی اعلانات کئے جائیں گے۔ خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ حکومت نے انسداد خسرہ مہم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے ذریعے بھی تشہیری مہم شرو ع کردی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ترجیجی بنیادوں پر اپنے بچوں کو خسرہ سے بچائو کا ٹیکہ ضرور لگوالیں۔

مزیدخبریں