لاہور (آئی این پی) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف پاکستان کے تمام سیاستدانوں سے زیادہ مقبول ہیں، خدشہ ہے فوجی عدالتوں کو سپریم کورٹ ختم کردیگی مگر ایسا ہونے کی صورت میں نواز شریف کی حکومت ختم ہو جائیگی، اگر دونوں ’’شریف‘‘ آمنے سامنے آئے تو پھر اس وقت ’’درودشریف‘‘ہی پڑھا جائیگا، میاں نوازشریف اتنے مضبوط نہیں کہ وہ شاہد خاقان عباسی سمیت کسی وزیر کے خلاف ایکشن نہیں لے سکتے، عمران خان صرف 16 دسمبر کے واقعے نہیں کچھ اور وجہ سے بھی دھرنے کی سیاست سے الگ ہوئے ہیں، ملکی حالات میں جمہوریت اور ملک و قوم کے مفادات کیلئے تحریک انصاف سمیت اپوزیشن کی جماعتوں کو اکٹھا ہونا چاہیے۔ انٹرویو میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان جب بھی سڑکوں پر نکلیں گے تو عوام انکا ساتھ دیں گے اور عمران خان کو آخر چوک چوراہے میں ہی واپس آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 60 فیصد فوج پہلے ہی حکومت میں آئی ہے باقی کیا ہوتا یہ آنیوالا وقت ہی بتائے گا، ملک کی چور اور ڈاکو جماعتیں (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی اپنے مفادات کیلئے ایک ہوچکے ہیں۔