امریکی صدر کے دورہ بھارت کے نتائج جاننے کیلئے پاکستان کی گہری دلچسپی

Jan 26, 2015

اسلام آباد(سہیل عبدالناصر) پاکستان کو امریکی صدر بارک اوباما کے جاری دورہ بھارت کے تمام نتائج جاننے سے گہری دلچسپی ہے لیکن امریکہ بھارت ایٹمی معاہدہ اور دفاعی تعاون پاکستان کیلئے خاص دلچسپی کے حامل ہیں کیونکہ ان دونوں شعبوں میں امریکہ اور بھارت کے درمیان تعاون کے پاکستان کی ایٹمی طاقت روایتی فوجی قوت اور خطہ کے سٹریٹجک استحکام پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ امریکی صدر کے دورہ بھارت کا بغور جائزہ لینے والی ایک اعلیٰ سرکاری شخصیت کے مطابق حالیہ مہینوں میں امریکی صدر اور بھارتی وزیراعظم کے درمیان یہ چوتھی ملاقات ہے۔ پاکستان امریکہ اور بھارت کے تعلقات کی نوعیت سے لاتعلق نہیں رہ سکتا اور امریکہ کو بھی یہ بات سمجھنا ہو گی وہ بھارت کے بارے میں پاکستان کے تحفظات دور کئے بغیر بھارت کے ساتھ حقیقی سٹریٹجک تعلقات قائم نہیں کر سکتا۔ پاکستان اور بھارت دونوں کے ساتھ بیک وقت قابل اعتماد تعلقات کیلئے امریکہ کو نہایت ذمہ داری اور زبردست سفارتی ہنر مندی کا مظاہرہ کرنا پڑے گا۔ مذکورہ شخصیت کے مطابق بارک اوباما پاکستان کا دورہ کریں یا نہیں۔ اس بات کی اتنی اہمیت نہیں کیونکہ یہ دورہ ہو بھی جائے تب بھی پاک امریکہ تعلقات میں کوئی جوہری تبدیلی رونما نہیں ہو گی۔ اصل اہمیت اس بات کی ہے بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کے شوق میں امریکہ کو پاکستان کے تحفظات کا ضرور خیال رکھنا ہو گا۔ اس ضمن میں امریکہ بھارت ایٹمی تعاون سر فہرست ہے۔ سردست تو اس سمجھوتے کی راہ میں رکاوٹیں ہیں لیکن ایک بار یہ معاہدہ طے پا گیا، اس پر عملدرآمد شروع ہو گیا تو خطہ میں ایٹمی طاقت کا جو توازن پاکستان نے قائم رکھا وہ بگڑ جائیگا اور اس عدم توازن کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہو گی۔
پاکستان/ دلچسپی

مزیدخبریں