ڈیونیڈن (سپورٹس ڈیسک) چھٹے ایک روزہ کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 120 رنز سے شکست دے دی۔سری لنکا کی پوری ٹیم 316 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 40.3 اوورز میں 195 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔سری لنکا کی جانب سے تھریمانے اور دلشان نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے کمار سنگاکارا نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔سری لنکا کے پانچ بیٹسمینوں کا سکور دوہرے ہندسے تک نہ پہنچ سکا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کورے اینڈرسن چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے اور انھیں مین آف دا میچ قرار دیا گیا جبکہ میلنگن نے دو اور بولٹ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے کین ویلم سن اور راس ٹیلر کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 315 بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ویلم سن نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 97 جبکہ راس ٹیلر نے سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 96 رنز بنائے۔دونوں بیٹسمین اپنی سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے۔سری لنکا کی جانب سے پرساد نے دو، ہیرات، دلشان اور پریرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔اس فتح کے نتیجے میں میزبان ٹیم کو سات میچوں کی سیریز میں چار ایک کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہوگئی ہے۔سات میچوں کی اس سیریز کا پہلا اور چوتھا میچ نیوزی لینڈ نے جبکہ دوسرا سری لنکا نے جیتا تھا جبکہ تیسرا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔