لاہور+ کاہنہ (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار) تھانہ باٹا پور کے علاقہ میں چوری کے شبہ پر مالکان نے لاٹھیوں سے تشدد کرتے ہوئے ملازم جبکہ کاہنہ میں بیکری کے مالک کو قتل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق باٹاپور کے علاقہ بھٹہ فقیر حسین کے قریب اوکاڑہ کا رہائشی 27 سالہ اعجاز مرتضیٰ کے ڈیرے پر ملازم تھا، کچھ روز قبل ڈیرے سے قیمتی سامان چوری ہو گیا، ملزموں مرتضیٰ، الیاس، ذوالفقار، کالی وغیرہ کو شک تھا کہ ڈیرے سے ملازم اعجاز نے چوری کی جس پر ملزمان نے مبینہ طور پر اعجاز کو لاٹھیوں سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے اعجاز شدید زخمی ہو گیا اور دم توڑ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے بھجوا دیا۔ پولیس نے مقتول اعجاز کے والد رمضان کی درخواست پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ بااثر ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ ادھر پرانا کاہنہ میں فیروزپور روڈ پر بیکری میں 2گاہکوں محسن اور مرتضیٰ نے اپنے ساتھیوں سے ملکر بیکری مالک آس محمد کے بیٹے 18سالہ عدیل کو پیسے مانگنے پر بُری طرح تشدد کا نشانہ بنایا جس سے وہ دم توڑ گیا۔