لندن (سپورٹس ڈیسک )انگلینڈ میں فٹبال کے ایف اے کپ مقابلوں میں ملک کے دو بڑے فٹبال کلبوں چیلسی اور مانچسٹر سٹی کی ٹیمیں چوتھے راؤنڈ میں غیر معروف ٹیموں سے شکست کھا کر ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہیں۔ہفتہ کا دن ایف اے کپ میں اپ سیٹس کا دن رہا جب انگلش پریمیئر لیگ میں ابتدائی دو پوزیشنز پر براجمان لندن کے کلب چیلسی اور مانچسٹر کے مانچسٹر سٹی کو بالترتیب بریڈفرڈ اور مڈلزبرو نے شکست دی۔چیلسی کے ہوم گراؤنڈ سٹیمفرڈ برج میں کھیلے گئے میچ میں ایک موقع پر چیلیسی کو صفر کے مقابلے میں دو گول کی برتری حاصل تھی۔یہ برتری کیہل اور رمیرز نے 21ویں اور 38ویں منٹ میں گول کر کے دلوائی۔لیکن پھر بریڈفرڈ سٹی کی ٹیم میچ میں واپس آئی اور 41ویں منٹ میں سٹیڈ کے گول کی بدولت چیلسی کی برتری کم کر دی۔دوسرے ہاف میں مہمان ٹیم نے اپنے سے کہیں بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل چیلسی کی ٹیم کی ایک نہ چلنے دی اور موریس، ہالیڈے اور یئیٹس کے گولوں کی بدولت یہ میچ چار دو کے سکور سے جیت لیا۔یہ لگارتار دوسرا برس ہے کہ مانچسٹر سٹی کو چیمپیئن شپ کھیلنے والی کسی ٹیم نے ایف اے کپ سے باہر کیا ہے۔چیلسی کے مینیجر ہوزے مورینہو نے کہا ہے کہ وہ چوتھے راؤنڈ میں اپنی ٹیم کی اس شکست پر ’پشیمان‘ اور ’شرمندہ‘ ہیں۔