اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سینیٹ کی مجلس قائمہ برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے چیئرمین سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ قومی ایئر لائن کی پروازوں میں تاخیر کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور یہ کہ انہیں حقائق سے بھی آگاہ نہیں کیا جاتا ۔ انہوں نے یہ بات مجلس قائمہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس روش کے باعث عوام کا قومی ادارے پرسے اعتماد اٹھ رہا ہے اور مالی خساروں اور دیگر مسائل سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا کہ قومی ایئر لائن اپنا قبلہ درست کرے ا ور ادارے کے ماحول کو عوام دوست بنایا جائے۔ انہوں نے سول ایوی ایشن ڈویژن کی اس وضاحت کو یکسر مستردکر دیا کہ دھند کے باعث پروازیں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھند کے علاوہ نارمل حالات میں بھی پروازوں میں تاخیر دیکھنے میں آئی ہے ۔کمیٹی نے سینیٹر حمزہ کی جانب سے 17اگست 2013ء کو کراچی سے لاہور آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 302 میں 2 گھنٹے تک مسافروں کو بٹھانے اور تاخیر کی وجہ سے پرواز میں بیٹھے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے سوال پر بھی تفصیلی بحث کی۔سینیٹر حمزہ نے کہا کہ یہ میری ذات کا مسئلہ نہیں بلکہ پرواز میں بیٹھے تمام مسافروں کو شدید مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہونا پڑا ۔کمیٹی نے سینیٹر سسی پلیجو کے بل ’’آئل اینڈ گیس ریگو لیٹری اتھارٹی ترمیمی بل2015‘‘ اور پارلیمانی امور کی جانب سے متعارف کرائے گئے ’’سول سرونٹس ترمیمی بل2015 ‘‘ پر بحث موخر کرتے ہوئے کہا کہ اسکا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔