لاہور+ لندن (سپورٹس رپورٹر+ بی بی سی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ بھارت کے ساتھ سیریز ایم او یو کے تحت ہی ہوگئی جس کی پہلے پاکستان نے میزبانی کرنی ہے، شاہد آفریدی پوری ٹیم میں صرف ایک میچ ونر کھلاڑی ہے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک وہ کپتان برقرار رہیں گے، بگ تھری کے حوالے سے آئی سی سی چیئرمین سمیت سب کو تحفظات ہیں۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ بگ تھری کے حوالے سے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے میڈیا میں بہت ساری باتیں سامنے آ رہی ہیں، اس حوالے سے ہم بھی بعض پوائنٹس پر آئی سی سی میں بات کرنی ہے جو قبل از وقت بتائی نہیں جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ محمد عامر نے اپنی کارکردگی کی بنا پر قومی ٹیم میں جگہ بنائی۔ اگر سلمان اور آصف بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے تو سلیکشن کمیٹی ان کے نام پر بھی غور کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیویز کے میدانوں میں کسی بھی ایشیائی ٹیم کے لیے کارکردگی دکھانا مشکل ہوتا ہے، بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے ہاتھوں بری طرح ہاری۔ یاسر شاہ کے بارے میں فیصلہ ہفتہ دس روز میں آ جائے گا۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ اگر بھارت آئندہ سال پاکستان کے خلاف اپنی ہوم سیریز کھیلنا چاہتا ہے تو پہلے اسے رواں سال پاکستان کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ’اب اگر بھارت آئندہ سال اپنی ہوم سیریز کھیلنا چاہتا ہے تو رواں برس اسے پاکستان کی ہوم سیریز کھیلنی ہوگی، جہاں ہم کہیں گے۔‘انہوں نے کہا ’اگر ہماری سیریز نہیں ہوتی تو پھر ہم بھی کھیلنے کے لیے بھارت نہیں جائیں گے۔‘انہوں نے کہا کہ ’ہم بھارت کے خلاف اپنی ہوم سیریز کے لیے رواں برس ستمبر میں 10 سے 15 دن نکال سکتے ہیں لیکن ہم ان کی طرف سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔ اگر وہ نہیں کھیل سکتے تو پھر آئندہ برس ان کی ہوم سیریز کے لیے جو وقت ہم نے مختص کیا ہوا ہے اس میں انھیں دبئی یا سری لنکا آ کر پہلے ہماری ہوم سیریز کھیلنی ہوگی۔