توسیع کاقائل نہیں‘ مقررہ وقت پر ریٹائر ہو جاﺅنگا : جنرل راحیل

Jan 26, 2016

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ بی بی سی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے میں مدت ملازمت میں توسیع کا قائل نہیں ہوں، میں مدت ملازمت مکمل کرکے مقررہ وقت پر ریٹائرڈ ہو جاﺅں گا۔ آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا ہے چیف آف آرمی سٹاف نے کہا آرمی چیف کی ملازمت میں توسیع کی قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ آرمی چیف نے کہا پاک فوج ایک عظیم ادارہ ہے۔ پاکستان کا مفاد ہر چیز پر مقدم ہے۔ آرمی چیف نے مزید کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ پورے عزم اور قوت سے جاری رہے گی۔ بی بی سی کے مطابق پاکستان کی بّری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لیں گے اور وقت پر ریٹائر ہوں گے۔ پاکستانی افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پر آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے ٹویٹ میں کہا ہے جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے ’پاکستانی فوج ایک عظیم ادارہ ہے۔ میں ایکسٹینشن میں یقین نہیں رکھتا۔‘ واضح رہے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت رواں برس نومبر میں ختم ہورہی ہے۔ جنرل باجوہ نے ٹویٹ میں کہا ہے جنرل راحیل شریف کا مزید کہنا ہے وہ اپنی ریٹائرمنٹ کی مقررہ تاریخ کو ریٹائر ہو جائیں گے۔‘ ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے ’شدت پسندی کے خاتمے کےلئے جاری کوششیں جاری رہیں گی اور ملک کے قومی مفادات کا دفاع ہر صورت میں کیا جائے گا۔‘ یاد رہے جنرل راحیل شریف نے 29 نومبر 2013ءکو بری فوج کے سربراہ کے عہدے کا چارج سنبھالا تھا۔
آرمی چیف

مزیدخبریں