آرمی چیف کا قد مزید بڑھ گیا‘ فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں ‘ سیاسی رہنما : افسوس ہوا : مشرف

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی طرف سے اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے بیان کا خیر مقدم کیا ہے، سابق صدر آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے آرمی چیف کا مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا پاک فوج ہمارا ایک اہم ترین ادارہ ہے۔ توسیع لینے کارحجان ختم ہونا چاہیے جنرل راحیل شریف کا بیان قابل تعریف ہے فیصلے سے مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔ بی بی سی کے مطابق آصف علی زرداری نے کہا کہ آرمی چیف کے اس فیصلے کے بعد فوج بطور ادارہ مستحکم ہوگی۔ رہنما پیپلزپارٹی قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے اچھا فیصلہ کیا ہے، اس فیصلے سے راحیل شریف کے وقار میں اضافہ ہوگا۔ مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا فیصلہ جرا¿ت مندانہ ہے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی جنرل راحیل کے توسیع نہ لینے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے اس اعلان سے قوم کی نظر میں جنرل راحیل کا مقام مزید بڑھ گیا ہے، اعلان سے ان کی عزت بڑھی ہے، اس اعلان سے فوج بطور ادارہ مضبوط ہو گی اور مضبوط اداروں سے ہی مضبوط قومیں بنتی ہیں، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے ثابت کردیا وہ اصول پسند انسان ہیں، آرمی چیف کے فیصلے نے ان کا قد مزید بڑھا دیا ہے، جنرل راحیل شریف نے ہر موقع پر جوانوں کا حوصلہ بڑھایا، رہنما اے این پی حاجی عدیل نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے تاریخی فیصلہ کیا، فیصلے سے جنرل راحیل کا قد اور بڑھ گیا ، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید نے کہا ہے آرمی چیف نے عظیم فیصلہ کیا آرمی چیف کے فیصلے سے فوج کی عزت بڑھے گی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کا فیصلہ ایک سچے سپاہی کی طرح کیا ہے، بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس فیصلے سے ایک اچھی مثال قائم ہو گی، انہوں نے کہا فوج ایک قومی ادارہ ہے جو اپنی صلاحیتوں سے چلتا ہے البتہ شخصیات کا کچھ نہ کچھ اثر ضرور پڑتا ہے، حکمران جماعت مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا ہے حکومت جنرل راحیل شریف کو مدت ملازمت میں توسیع لینے پر مجبور نہیں کرے گی، انہوں نے کہا جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع ناگزیر ہوئی تو پھر حکومت طے شدہ طریقہ کار کے تحت کام کرے گی، اقبال ظفر جھگڑا کا کہنا ہے جنرل راحیل شریف نے فوج میں ایک شاندار کیریئر گزارا ہے اور شاید یہی وجہ ہے وہ اپنی مدت ملازمت میں توسیع نہیں لینا چاہتے۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا راحیل شریف ایک سولجر ہیں باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں یہ حکومت کا فیصلہ ہے، حکومت نومبر میں فیصلہ کرے گی، وفاقی وزیر سیفران جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ نے کہا جنرل راحیل کی وجہ سے عوام میں ہمت آئی اور عوام دہشت گردی کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے، جنگ کے دوران کسی بھی کمانڈر کو تبدیل نہیں کیا جاتا، ضرورت پڑی اور عوام نے زور ڈالا تو ہو سکتا ہے آرمی چیف مدت ملازمت میں توسیع لے لیں، بیان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، توسیع کا فیصلہ 20 کروڑ عوام، حکومت اور پارلیمنٹ نے کرنا تھا۔ سابق صدر اور جنرل (ر) پرویز مشرف نے آرمی چیف کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعلان سے افسوس ہوا۔ تاہم سمجھتے ہیں وہ ملک کو بہتری کے راستے پر لے جانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے کہ توسیع لیں یا نہ لیں تاہم ہمیں اپنے فیصلے سب سے پہلے پاکستان کی بنیاد پر کرنے چاہئیں، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بھی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
سیاسی رہنما/ خیرمقدم

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...