تحریک انصاف کا گراف گر رہا ہے‘ حکومت مدت پوری کرے گی : حمزہ شہباز

لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسبملی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے آئندہ چار سالہ مدت کے انتخابات کیلئے تیاریاں جاری ہیں اور بروقت الیکشن ہوں گے، میثاق جمہوریت کا ثمر ہے کہ 2008ءکی حکومت نے پانچ سالہ میعاد پوری کی اور موجودہ حکومت بھی پوری کرے گی۔ مسلم لیگ ن اور قومیت پرست جماعتوں میں بلوچستان میں معاہدہ پر عملدرآمد ہوا، عمران خان کی دھرنا سیاست کے ڈانڈے کہیں اور ملتے تھے، پارلیمنٹ میں موجود ماسوائے تحریک انصاف باقی سیاسی جماعتوں نے جمہوریت کا مل کر دفاع کیا، عمران میں نہ مانوں کی رٹ لگاتے ہیں، پی ٹی آئی کا گراف گر رہا ہے، پی ٹی آئی کے آئن سٹائن چودھری سرور اپنے حلقہ انتخاب میں 22 ہزار ووٹوں سے ہارے، بلدیاتی الیکشن میں پی ٹی آئی دور دور نظر نہیں آئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ خالصتاً کارکردگی کی بنیاد پر ملا۔ پی ٹی آئی کا لاہور اور راولپنڈی پر دعویٰ حرف غلط کی طرح مٹ گیا۔ مسلم لیگ ن نے لاہور کی 274یونین کونسلوں میں سے 234اور راولپنڈی کی 85 فیصد جیتیں۔ میٹروپولیٹن اور میونسپل کارپوریشن میں میئر، ڈپٹی میئر اور ضلع کونسل، میونسپل کمیٹیوں میں چیئرمین، وائس چیئرمین کے لئے اچھے لوگ سامنے لائیں گے۔ بلدیاتی نظام کو اس کی روح کے مطابق نافذ کرینگے جہاں ترمیم کی ضرورت ہوئی ترمیم کرینگے اور جمہوری نظام کو مضبوط بنائیں گے۔ دیہی و شہری مسائل حل کرکے اللہ کی مخلوق کو راضی کرینگے۔ نندی پوری پاور پراجیکٹ میں کرپشن نہیں ہوئی دو افراد کے درمیان اختیارات کی جنگ تھی جس کا حکومت کو نقصان پہنچا۔ پاکستان میں کک بیکس کی کہانیوں کو تاریخ کا حصہ بنا دیا اور تمام میگا پراجیکٹس میں کک بیکس کا مکمل خاتمہ کرنا نوازشریف، شہبازشریف حکومت کا کارنامہ ہے۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، سیاسی و عسکری قیادت ایک صفحہ پر ہے۔ پنجاب حکومت نے بہت دلیرانہ اقدامات کئے اور اپنے عمل سے ثابت کیا کہ ہم انتہاپسندی کے خلاف ہیں۔ ملک اسحاق کے خلاف ایکشن سب کے سامنے ہے۔ حکومت اور فوج میں شامل شخصیات کی جان کو خطرہ ہے لیکن ہم سب خطرات سے کھیلتے ہوئے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے اور ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے کوشاں ہیں، ہم مل کر قوم اور بچوں کے لئے یہ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ ان کا کہنا بجا ہے کہ سہولت کار بھی اتنا ہی ذمہ دار ہے جتنا دہشت گرد ذمہ دار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ایکشن کے لئے انٹیلی جنس کی ضرورت ہوتی ہے لیکن ہمیں فالواپ انٹیلی جنس کو مزید بہتر بنانا ہو گا۔ کوئی نان سٹیٹ ایکٹر پاکستان کی بدنامی کا باعث بنتا ہے اور سیاسی و عسکری قیادت کو بدنام کرتا ہے اسے سامنے لانا چاہئے، سہولت کاروں کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر قابو کیا جا سکتا ہے اور اس طرح دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ بھارت سے ہماری فیملی کا کوئی تجارتی رشتہ نہیں۔ افغانستان کے ساتھ پاکستان کی ہم آہنگی ہو چکی ہے۔ وزیراعظم اور مشیر خارجہ نے افغانستان کو یقین دلایا ہے کہ ہم آپ کے معاملات میں مداخلت نہیں کرینگے، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپ مدد طلب کریں گے تو ہم کریں گے۔
حمزہ شہباز

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...