نئی دہلی (بی بی سی، رائٹرز، نوائے وقت رپورٹ) بھارت اور فرانس کے درمیان دفاعی تعاون کے 14 سمجھوتے طے پا گئے ہیں، دونوں ممالک نے 36 رافیل جنگی طیاروں کی خریداری کے معاہدے پر بھی دستخط کر دیئے جبکہ فرانسیسی صدر نے کہا ہے بھارت اور فرانس انسداد دہشت گردی میں تعاون بڑھائیں گے، بھارتی وزیراعظم نے مہمان صدر کو دلی میٹرو میں شہر کی سیر کرائی، قبل ازیں مودی کی صدر اوباما کو چائے پلانے کی بات بہت مشہور ہو چکی ہے، فرانسیسی صدر نے کہا ہے دہشت گردوں کے دباﺅ میں نہیں آئیں گے، سائبر سکیورٹی میں تعاون بڑھائیں گے، رائٹرز کے مطابق ایک اندازے کے مطابق 36 رافیل جنگی طیاروں کے معاہدے کا حجم 9ارب ڈالر ہے اور فرانسیسی صدر کے دورہ بھارت کی بڑی وجہ یہی ہے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے ایٹمی معاہدے کا مالی حجم طے نہیں ہوا جس کے لئے مزید مذاکرات ہوں گے، اس معاہدے کا اعلان بھارتی وزیراعظم نے پچھلے سال دورہ فرانس کے دوران کیا تھا، یہ معاہدہ بھی بھارت کے اس دفاعی پلان کا حصہ ہے جس کے تحت بھارت 150 ارب ڈالر کا دفاعی سازوسامان خریدے گا، اے ایف پی کے مطابق فرانس نے کہا ہے بھارت کے ساتھ رافیل طیاروں کی خریداری کا مکمل معاہدہ 4 ہفتوں کے اندر ہو جائے گا۔ بی بی سی کے مطابق فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے بھارت میں چھ ایٹمی ری ایکٹر لگانے کا اعلان کیا ہے جبکہ 36 لڑاکا رافیل طیاروں کی خریداری کے معاملے میں صرف مالی مسائل پر بات باقی ہے۔ انہوں نے نئی دہلی میں پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔ دونوں رہنماو¿ں کے درمیان سکیورٹی، فوجی تعاون سے لے کر انتہا پسندی سے نمٹنے اور جوہری توانائی جیسے مسائل پر بات چیت ہوئی۔ اس کے بعد دونوں رہنماو¿ں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ دونوں رہنماو¿ں میں اتفاق کیا گیا کہ فرانس بھارت میں چھ ایٹمی ری ایکٹر لگائے گا جس کا استعمال بجلی کی پیداوار کے لیے کیا جائے گا۔ فرانس بھارت میں سمارٹ سٹی بنانے میں مدد دے گا اور وہ بھارت کو شمسی توانائی کے میدان میں بھی امداد فراہم کرے گا۔ فرانس کے صدر اولاند نے کہا کہ بھارت کے خلائی پروگرام میں فرانس کی دلچسپی ہے اور پہلے سے جاری تعاون کو اور مضبوط کیا جائے گا۔ فرانسیسی صدر نے کہا فرانسیسی کمپنیاں بھارت میں ’میک ان انڈیا‘ پروگرام میں شامل ہوں گی۔ وہ یہاں سرمایہ کاری کریں گی اور ٹیکنالوجی لائیں گی۔ بھارت سکیورٹی معاملات میں فرانس کی مدد کرے گا۔ فرانسیسی اور بھارتی فوج کے درمیان تعاون بڑھایا جائےگا۔ دونوں ممالک کے رہنماو¿ں میں طے پایا فرانس بھارت کے ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ کرے گا۔ شدت پسند سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لیے بیرون ملک جانے سے روکنے میں فرانس بھارت کی مدد کرے گا۔ فرانسوا اولاند نے نریندر مودی کو یقین دلایا بھارتی کمپنیوں کو فرانس میں کاروبار کرنے میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ اس موقع پر نریندر مودی نے فرانس سے رافیل طیارے خریدنے کا رسمی اعلان بھی کیا۔بھارتی اخبار انڈیا ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق بھارت اور فرانس نے دہشت گردی کے خلاف خفیہ معلومات کے تبادلے سمیت تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیا ہے وہ مبینہ طور پر پٹھانکوٹ حملے کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر فرینکوئس اولاند کے تفصیلی مذاکرات کے بعدجاری مشترکہ اعلامئے میں کہا گیا ہے ملاقات میں دونوں رہنماﺅں نے پاکستان سے مطالبہ کیا وہ کالعدم لشکر طیبہ، جیش محمد، حزب المجاہدین ، حقانی نیٹ ورک اور القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ دونوں رہنماﺅں نے کہا پیرس سے پٹھان کوٹ تک ہم نے دہشت گردی کا مشترکہ چیلنج دیکھا۔ نریندر مودی نے کہا میں نے دہشت گرد حملوں کے بعد فرانسیسی صدر کا عزم اور اس سے نمٹنے کا طریقہ دیکھا۔ مذاکرات میں اولاند کے ساتھ اس بات پر اتفاق طے پایا دہشت گردی کے خطرے کو کم کر سکیں۔ ہمارا یہ بھی نکتہ نظر تھا عالمی برادری ان کے خلاف بھی فیصلہ کن اقدام اٹھائے جو دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرتے ہیں، وہ ان کی مالی معاونت، تربیت اور ڈھانچہ جاتی امداد مہیا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے خلاف مل کرلڑنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں سالانہ جائزہ سٹرٹیجک مذاکرات کئے جائیں اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مشترکہ ورکنگ گروپ کے اجلاسوں میں لائحہ عمل طے کئے جائیں۔ مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا فرانس اور بھارت دہشت گردوں کی نقل و حرکت، بھرتیوں اور غیر ملکی دہشت گرد جنگجوﺅں کی روانی کاسلسلہ مل کر روکیں گے، ان کی مالی امداد کے ذرائع کو روکا جائے گا اور ان کا دہشت گرد نیٹ ورک ختم کیا جائے گا، دہشت گردوں کو اسلحہ کی فراہمی کا بھی راستہ کاٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے حالات میں دہشت گردی کو جواز نہ بننے دی جائے۔ جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق فرانسیسی صدر اور وزیراعظم مودی نے گورداسپور اور پٹھان کوٹ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے اس مطالبے کو دہرایا پاکستان گورداسپور، پٹھان کوٹ اور ممبئی حملوں کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، ممبئی حملوں کے منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، ممبئی حملوں میں فرانسیسی شہری بھی ہلاک ہوئے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ مستقبل میں اس قسم کے واقعات دوبارہ رونما نہیں ہوں گے، دونوں اطراف نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے سرحد کے دوسری طرف دہشت گرد کارروائیاں اور محفوظ پناہ گاہوں کو سہولت فراہم کرنے والی پراکسی افغانستان کے امن و استحکام کےلئے شدید خطرہ ہیں، اس کےلئے دہشت گردی کی پناہ گاہیں اور نرسریاں ختم کرنا ہوں گی اور ان کی ہر قسم کی امداد کا خاتمہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے تمام ملکوں پر زور دیا وہ دہشت گردی سے موثر طریقے سے نمٹیں۔
14 معاہدے : فرانس بھارت کو 6 ایٹمی ری ایکٹر‘ 36 رافیل طیارے دیگا‘ دہشت گردی کیخلاف تعاون بڑھائیں گے : صدر اولاند
Jan 26, 2016