کراچی / ملتان (آن لائن) فنکشنل لیگ کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحرعباسی نے کہا ہے کہ اگروہ معافی قبول نہ کرتیں تو آئندہ سندھ کا کوئی بھائی اپنی بہن کے سر پر چادر نہیں رکھ پاتا۔ امید ہے آئندہ ایوان میں اس قسم کا کوئی واقعہ پیش نہیں آئیگا۔ ایک انٹرویو میں نصرت سحر عباسی نے کہاکہ میرے سٹینڈ لینے سے سندھ اسمبلی کی دیگرخواتین مستقبل میں ہراساں کئے جانے سے محفوظ ہوگئی ہیں اور اگر آئندہ ایسا کوئی واقعہ پیش آیا تو ایوان میں اور بھی نصرت عباسی موجود ہیں۔ پوچھے گئے سوال کہ کیا امداد پتافی کی سوچ سندھ کے حکمران طبقے کی عکاس ہے؟ تو نصرت عباسی نے کہاکہ بالکل اس میں تو کوئی دو رائے ہی نہیں ہے۔ انہوں نے یہ سوچا تھا کہ یہ خاتون ہیں یہ کیا کرلیں گی لیکن انکی سوچ کو شکست ہوئی، میں سمجھتی ہوں شہلا رضا اپنی جماعت کے ساتھ نرم رویہ برتتی ہیں، جس عہدے پروہ فائز ہیں۔ اس کے تحت یہ عمل انہیں زیب نہیں دیتا ہے، جس روز صو بائی وزیرامداد پتافی نے میرے ساتھ گستاخانہ عمل کیا، اس وقت نہ صرف پیپلز پارٹی کے ارکان ہنس رہے تھے بلکہ شہلا رضا بھی ہنس رہی تھیں۔ میری شدید دلآزاری ہوئی۔