تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے اے پی سی آج اسلام آباد میں ہوگی

اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک آزادی جموں کشمیر کے تحت کشمیر کے حوالہ سے آل پارٹیز کانفرنس آج جمعرات کو مقامی ہوٹل میں ہو گی۔ دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق کی زیر صدارت ہونے والی اے پی سی میں ملک بھر کی سیاسی، مذہبی و کشمیری جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ اس سلسلہ میں تمام تیاریاں و انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس سے حافظ محمد سعید، سینیٹر سراج الحق، سردار عتیق احمدخاں، شاہ اویس نورانی، اعجاز الحق، شیخ رشید احمد، محمد علی درانی، پروفیسر عبدالرحمن مکی، مولانا عبدالعزیز علوی، مولانا فضل الرحمن خلیل، ریاض فتیانہ، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری، عبداللہ حمید گل، اشرف نوناری، غازی خان سولنگی، مولانا امیر حمزہ، قاری محمد یعقوب شیخ و دیگر خطاب کریں گے۔ جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا کہ جماعۃ الدعوۃ کے عشرہ کشمیر منانے کا آغاز آج اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس سے ہوگا۔ اس کے بعد ملک بھر میں ضلع اور تحصیل کی سطح پر پانچ فروری تک روزانہ سیمینار، اے پی سی اور ریلیاں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کا پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے ہیں اور ان کی تحریک عروج پر ہے۔ پاکستان کی طرف سے بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا بھر پور اظہار ہونا چاہئے۔ آج جمعرات کو ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے اور کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...