نیویارک(اے پی پی+صباح نیوز) اقوام متحدہ میں متعین پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ دنیا میں مربوط امن کے قیام میں علاقائی عدم استحکام اور تنازعات بڑی رکاوٹ ہے۔ مربوط امن کے قیام کے لئے تنازعات کا خاتمہ اور معاشی و سیاسی استحکام کی ضرورت کا ادراک کرنا ہوگا۔ ملیحہ لودھی نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل سمبلی میں ’’مربوط امن سب کے لئے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا مربوط امن سب کے لئے ایک سخت چیلنج ہے جس کو اس وقت تک حاصل نہیں کیا جاسکتا جب تک تنازعات کے اسباب اور وجوہات پر زور دیتے ہوئے ان کو حل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا دنیا کے مختلف خطوں میں مختلف تنازعات کی بڑی وجوہات میں غربت ‘ ماحولیاتی انحطاط پذیری ‘ سیاسی اور معاشی ناانصافیاں ‘ نسلی و قبائلی اختلافات اور مذہبی تعصب کے ساتھ اندرونی اور بیرونی غیر ضروری مداخلت ہیں۔ انہوں نے امن ‘ انصاف اور ترقی کے درمیان گہرے تعلق کو نمایان کرتے ہوئے کہا 2030ء تک مربوط امن و ترقی کے قیام کے ایجنڈے کا مقصدحاصل کرنے لئے پرامن ‘ انصاف پسند اور مربوط معاشروں کا ہونا ضروری ہے۔ لیکن کوئی ترقی امن کے بغیر اور کوئی امن ترقی کے بغیر قائم کرنا ناممکن ہے۔ ملیحہ لودھی نے مزید کہا سیاسی ‘ سلامتی اور ترقی کے علمبرداروں کو مربوط امن کے حصول کے لئے ایک دوسرے کی مدد و حمایت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں طویل المعیاد اور سنجیدہ منصوبہ سازی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے 2030ء کے ایجنڈے کو ایک امتحان قرار دیتے ہوئے کہا اس ایجنڈے کی تکمیل ہماری بصیرت اور عزم کا امتحان ہوگا جس کے لئے اقوام متحدہ کو جہاں مالیاتی وسائل کی ضرورت ہے۔ وہاں سیاسی حمایت اور مستعد انتظامات اور باہمی ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے جنرل اسمبلی سے کہا ایجنڈے کے اہداف کے حصول کے لئے مقامی وسائل کو متحرک کرنے کے ساتھ ترجیحات پر غور کرنا ہوگا کہ تاکہ ہم ایک ایسی عالمی فضاء قائم کرسکیں جہاں تنازعات سے ماورا معاشرے قائم ہو سکیں۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں انسانی حقوق کا احترام اور گڈ گورنس کے ساتھ امن کامیابی کی کنجیاں ہیں۔ انہوں نے آخر میں کہا پاکستان ایجنڈا 2030ء کے ساتھ اپنی وابستگی اور اس پر کام کرنے کے عزم پر قائم ہے۔ملیحہ لودھی نے کشمیر اور فلسطین سمیت تمام دیرینہ سیاسی تنازعات پرامن طریقوں سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے منشور کے مطابق تمام لوگوں کی معاشی اور سماجی کے تحفظ کا وعدہ پورا کرے۔
دنیا میں پائیدار امن کیلئے کشمیر‘ فلسطین سمیت تمام تنازعات حل کرنے کی ضرورت ہے: پاکستان
Jan 26, 2017